دعا زہرہ

کم عمرشادی کا معاملہ، ظہیراحمد کی توہین عدالت کی درخواست پردلائل طلب

کراچی(گلف آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے کم عمرشادی کے معاملے پرملزم ظہیراحمد کی توہین عدالت کی درخواست پردلائل طلب کرلیے ہیں۔جمعرات کوسندھ ہائی کورٹ میں کم عمری کی شادی سے متعلق کیس میں ظہیر احمد کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے مغویہ کی بازیابی کے کیس میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا تھا کہ چائلڈ ریسٹرین میرج ایکٹ کا کیس نہیں بنتا ہے۔ظہراحمد کی جانب سے وکیل نے موقف پیش کیا کہ تفتیشی افسر کی جانب سے پروگراس رپورٹ جمع کرائی گئی ہے۔

جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم عدولی نہیں ہوئی پولیس مقدمہ کررہی ہے وہ جانے اور خدا جانے۔وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ تفتیشی افسر نے چائلڈ ریسٹرین میرج ایکٹ کی سیکشن بھی لگائی ہے جس پر جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات کی کہاں خلاف ورزی ہوئی ہے وہ بتائیں۔وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ مجھے تیاری کے لیے مہلت دی جائے۔

عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر 18 اگست کو دلائل طلب کرلیے۔درخواست میں پراسیکیوٹر جنرل سندھ اور کیس کے تفتیشی افسر سعید رند کو فریق بنایا گیا ہے۔دوسری جانب سٹی کورٹ کراچی میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے مبینہ اغوا کے مقدمے میں ملزم ظہیر کی جانب سے لڑکی کے بیان ریکارڈ کروانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔فاضل جج کی رخصت کے باعث سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں