قومی لائحہ عمل

قومی لائحہ عمل کے تحت سیلاب زدگان کی مدد کیلئے صوبائی وزرا ئے اعلیٰ کو خط لکھ دئیے گئے

اسلام آبا د(گلف آن لائن)قومی لائحہ عمل کے تحت سیلاب زدگان کی مدد کیلئے صوبائی وزرا ئے اعلیٰ کو خط لکھ دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ریلیف کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطوط لکھے ہیں ،احسن اقبال کے دستخطوں سے بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو خطوط بھجوا دئیے گئے ،وزیراعظم آزادجموں وکشمیرسردار تنویر الیاس اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو بھی خطوط ارسال کر دئیے گئے ،احسن اقبال نے ریلیف کمیٹی کے ہمراہ وزرااعلی ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلی گلگت بلتستان سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ۔

احسن اقبال نے کہاکہ جلد ملاقات کا وقت دیا جائے تاکہ سیلاب زدگان کی تیزی سے مدد کے اقدامات پر اشتراک عمل وضع ہوسکے۔ احسن اقبال نے کہاکہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں این ڈی ایم اے نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس سے متاثرہ علاقوں اور عوام کی مدد کے لئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔ احسن اقبال نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں ہر صوبہ ایک فوکل پرسن مقرر کرے تاکہ سیلاب زدگان کی امدادی عمل کو تیز کیاجاسکے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے میری سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔ احسن اقبال نے کہاکہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ وفاق اور صوبوں اور خصوصی خطوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیا جائے۔ احسن اقبال نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی قومی مقصد ہے جس کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ احسن اقبال نے کہاکہ اشتراک عمل سے سیلاب زدگان کی مدد کا عمل تیز ہونے کے علاوہ وسائل اور کوششوں کو مربوط بنانا ممکن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں