اسلام آباد ہائیکورٹ

جاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی سفارش معطلی کے حکم میں توسیع

اسلام آباد (گلف آن لائن)ہائیکورٹ نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی سفارش معطلی کے حکم میں توسیع کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے سابق چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب کی پی اے سی میں طلبی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔

ایڈووکیٹ حافظ ایس اے رحمان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے پیش ہوئے اور انہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انکوائری کمیشن بن چکا ہے، باقی پی اے سی کے وکیل بات کریں گے، اس پر عدالت نے کہا کہ چیلنج صرف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں کارروائی کو کیا گیا ہے، اگر وہ کیس نہیں چلا رہے تو یہ درخواست غیر مؤثر ہوجائے گی۔ڈی جی نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایسا نہیں ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہمیں دوبارہ بلایا ہوا ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ، اکاؤنٹس کے علاوہ سارے کام کرتی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے وکیل کی استدعا پر کیس کی سماعت ستمبر کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی اور فریقین کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں اسلام اٰباد ہائیکورٹ نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتا افراد کمیشن کی سربراہی سے ہٹانے کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سفارش معطلی کے حکم میں ستمبر کے تیسرے ہفتے تک توسیع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں