امیرجماعت اسلامی کراچی

حافظ نعیم الرحمن کا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کو برطرف کرنے کا مطالبہ

کراچی(گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ غیر آئینی طریقے سے قابض ایڈمنسٹریٹر جھوٹے دعوے کر رہے ہیں، شہر کے لیے مختص فنڈز کا آڈٹ کیا جائے، کوشش ہے کراچی کو منتخب بلدیاتی ادارہ ملے کیونکہ شہر بدترین صورتحال سے دوچار ہے۔لگ رہا ہے الیکشن کمیشن نے بارش کو جواز بنا کر دو چار دن کی جگہ ایک ماہ کا وقت لے لیا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کالج داخلے کے لیے ڈومیسائل ضروری کر دیا گیا جس میں کرپشن کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ ڈومیسائل کے معاملے پر ہم احتجاج کریں گے، پھر انہیں مجبورا بند کرنا پڑے گا، اب ڈومسائل کے بنانے کے لیے بھی کرپشن کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔انہوں نے کہاکہ لوگ مسائل سے تنگ آگئے ہیں ، فوری طور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کو برطرف کیا جائے کیونکہ کراچی میں غیرقانونی طور پر سیاسی ایڈمنسٹریٹر مقررکیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے جبکہ اب حکومت بلدیاتی الیکشن سے راہ فراراختیارکررہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ پرانے بیلٹ پیپرز کو ختم کر کے نئے شائع کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ امن و امان کے لیے فوج و رینجرز کی تعیناتی کی جائے، ووٹرز فوج کی نگرانی میں بلاخوف ووٹ کاسٹ کریں گے، مردم شماری میں دھاندلی ہوئی تو تحریک چلائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بلدیاتی نمائندوں کی ضرورت ہے، کل بارش کے بعد ایک بار پھر گندگی اور غلاظت ہے، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے کمر درد کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں واضح رائے عامہ ہے کہ الیکشن ہو اس میں جماعت اسلامی کے نمائندے آئیں۔۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی کو سرکلر ریلوے کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم کراچی کے لوگوں کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
٭

اپنا تبصرہ بھیجیں