وزیراعظم

پاکستان اورترکی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اورترکی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، مصنوعات کی تجارت کے معاہدیسے دونوںممالک کیلئے نئی راہیں کھلیں گے، دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لئے معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ وہ جمعہ کو یہاں پاکستان اور ترکی کے درمیان تجاری معاہدے پردستخطوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

معاہدے پر وفاقی وزیر تجارت سیدنوید قمر اور ترکی کے وزیرتجارت مہمت مش نے دستخط کئے ۔ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدر ی سالک حسین اور اعلی سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے تاریخی برادرانہ تعلقات میں یہ معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کیدرمیان تجارتی معاہدہ خوش آئند ہے، اس پر کئی سالوں بات چیت ہو رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مئی میں ہمارے ترکی کے دوریکے بعد پاکستان اور ترکی کی طرف سے معاہدے کے لئے کوششوں کو تیز کیاگیا ۔ انہوںنے کہاکہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کی مثالی قیادت میں ترکی کے وزیر تجارت مہمت مش اور پاکستان کے وزیرتجارت سید نوید قمر اوردونوںممالک کیسفرا اور دیگر حکام نے بہت محنت کی ہے جس کے بعد یہ معاہدے طے پایاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے فروغ کی وسیع گنجائش اور صلاحیت موجود ہے اور تجارت کے فروغ کیلئے ہم بھرپور عزم رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے نئی راہیں کھلیں گی اور تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں اس معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرتجارت سیدنوید قمر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان معاہدے کے تحت دونوںممالک اپنی اپنی مصنوعات کی تجارت کرسکیں گے اور اس سے دونوں ممالک کی معیشت مستحکم ہو گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ترکی نے تجارت کے لئے مختلف اشیا پر ایک دوسرے کو رعایت دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اپنی دوطرفہ تجارت کاحجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔اس معاہدے سے ہمیں اپناہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے کاروباری طبقات بھی اس سے مستفیدہوسکیں گے۔ترکی کے وزیر تجارت مہمت مش نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کو طویل عرصہ سے مشترکہ تجارت کے فروغ کے اس معاہدے کی ضرورت تھی ۔

مئی میں وزیراعظم شہباز شریف کے ترکی کیدورے کے دوران اس پر کام تیزکرنے پر اتفاق کیاگیا۔اس معاہدے سے ہم اپنی دو طرفہ تجارت 5 ارب ڈالرتک بڑھا سکیں گے۔ تجارت کافروغ ایک مسلسل عمل ہے جس کے لئے ہمیں مل کر چیلنجوں پر قابو پانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں