قوی خان

ہمیں اپنے ملک کیلئے فکر کو اپنانا ہوگا جس کا فقدان ہے ‘قوی خان

لاہور(گلف آن لائن)سینئر اداکارقوی خان نے کہا ہے کہ ہمیں آج نوجوان نسل کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ پاکستان کتنی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ،یوم آزادی پر جشن منانا بہت اچھی بات ہے لیکن ہمیں اپنے ملک کیلئے فکر کو بھی اپنانا ہوگا جس کا فقدان ہے ۔ ایک انٹرویو میں سینئر اداکار قوی خان نے کہا کہ ہمیں آج یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ہمارے آبائو اجداد نے جس مقصد کیلئے اس ملک کو حاصل کیا اور قربانیاں دیں کیا ہم اس مقصد کے حصول کے لئے درست سمت میں گامزن ہیں تو اس کاجواب یقینا نہیں میں ملے گا ۔ ہم وہ قوم ہیں جس نے دنیا کی قیادت کرنا تھی لیکن آج ہم زوال کا شکارہیں ۔

ہمارے نوجوانوں نے اس ملک کی تقدیر کو بدلنا ہے کیا وہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا اور ہم نے ان قربانیوں کی لاج رکھنا ہو گی بصورت دیگر ہم کبھی بھی اپنے قومی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ انہوںنے کہا کہ خدارانوجوان نسل کی تربیت کی جائے اور انہیں مستقبل میں ذمہ داریاں اٹھانے کیلئے تیار کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں