عامر لیاقت

عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار

کراچی(گلف آن لائن)مقامی عدالت نے مرحوم اینکر پرسن کی قبر کشائی اور میت کا پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے دیاہے۔منگل کوایڈیشنل سیشن جج کراچی شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال ، ان کی بیٹی دعائے عامر اور ان کے وکیل ضیا اعوان پیش ہوئے ۔ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کراچی نے فریقین کے دلائل سننے کے بعدجوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے روک دیا۔

واضح رہے کہ رواں برس 9 جون کوعامر لیاقت کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائے گئے تھے۔شہری کی جانب سے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست دائر کی گئی تھی،عامر لیاقت کے ورثا نے پوسٹ مارٹم کرانے کی مخالفت کی تھی۔شہری کی درخواست منظور کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے 18 جون کو عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیا تھا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف عامر لیاقت کی بیٹی دعائے عامر نے سیشن عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں بھی درخواست زیر سماعت ہے، معاملے میں عامر لیاقت کی بیوہ دانیہ نے بھی پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست دائر کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں