ماہرہ خان

قوی صاحب، لیجنڈ اور بہترین اداکار ہیں، ماہرہ خان

کراچی (گلف آن لائن)پاکستانی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے لیجنڈری اداکار قوی خان کو سوشل میڈیا پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر سینئر اداکار قوی خان کی تصویریں اور ان کی اداکاری کا ایک شاہکار ایک فلم سے لیا گیا ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔ماہرہ خان کا اپنی پوسٹ میں لکھا کہ قوی صاحب، لیجنڈ اور بہترین اداکار ہیں، وہ 79 سال کی عمر میں بھی نوجوان فنکاروں کے درمیان اپنا ایک الگ تھلگ مقام رکھتے ہیں کیوں کہ وہ اپنے کام سے بے حد محبت کرتے ہیں، وہ ہمیشہ اپنے کام کے لیے تیار رہتے ہیں۔ماہرہ خان نے قوی خان کی اداکاری اور ان کے بطور بہترین اداکار ہونے سے متعلق لکھا ہے کہ قوی خان اپنے ہر کردار، ہر کام سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ان کی یہ محبت ہم اسکرین پر ان کے کرداروں میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔

ماہرہ خان نے کہا کہ وہ مجھ سمیت سب ہی اداکاروں کے ساتھ شفقت سے پیش آتے ہیں، میں نے قوی خان صاحب سے بہت کچھ سیکھا ہے، قوی خان اپنی ناکامیوں کو بھی اپناتے ہیں۔ماہرہ خان نے کہا ہے کہ قوی خان تنقید اور تعریف دونوں میں عاجزی اور فخر قبول کرتے ہیں، قوی خان جیسے اداکار کا ہمارے درمیان ہونا ایک اعزاز کی بات ہے، الحمدللہ۔ماہرہ خان کا اپنی پوسٹ کے اختتام پر لکھنا ہے کہ محمد قوی خان صاحب، آپ میرے ہیرو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں