لاہور( گلف آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف اور سینیٹر اسحاق ڈار کی لائیو تقریر نشر کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔شہری منیر احمد کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی حکومت،پیمرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیمرا نے اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کی کوریج، تقاریر وغیرہ نشر کرنے ہر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن نواز شریف کی تقریر تمام ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھائی گئی۔
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیمرا اپنے جاری کیے گئے احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے، پیمرا اشتہاریوں کی تقاریر نشر نہ کرنے کے حوالے سے اپنے احکامات اور فیصلوں کو برقرار رکھے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کی کوریج، تقاریر ہر پابندی کے احکامات پر عملدرآمد کروانے کا حکم دے۔