اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف ان کی جانب سے شروع کی گئی متنازع’ سوشل میڈیا مہم پرجس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر توہین مذہب کا الزام لگا کر ان کی جان کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے قانونی کارروائی کرے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مریم نواز نے عمران خان کے 2 مبینہ بیانات اور ان کے درمیان موازنہ کرنے کیلئے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر قرآن مجید کی آیات شیئر کی تھیں۔انہوں نے ٹوئٹ بھی کیا تھا کہ یہ شخص (عمران خان)مذہب کو اپنی سیاست کیلئے استعمال کر رہا ہے اور اپنے جھوٹے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے۔
مریم نواز نے لکھا تھا کہ اپنے ایمان اور ملک کو اس شیطان سے محفوظ رکھیں۔پی ٹی آئی کے مطابق مریم نواز کی ٹوئٹ کے بعد ٹوئٹر پر عمران خان کے خلاف توہین مذہب کا الزام لگانے والا ٹرینڈ چلا، اس ٹرینڈ میں پی ٹی آئی چیئرمین کو نشانہ بناتے ہوئے 65 ہزار سے زائد ٹوئٹس کی گئیں۔ٹوئٹر پر ایسی ٹوئٹس بھی تھیں جن میں مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور انہیں مذہب کو سیاست میں نہ گھسیٹنے کا مشورہ دیا گیا تھا، جبکہ ایسے الزامات کے نتیجے میں کسی کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ہم اس معاملے کو ایسے نہیں جانے دیں گے، توہین مذہب کا الزام لگا کر پی ٹی آئی چیئرمین کی جان کو خطرے میں ڈالنے پر مریم نواز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اتحادی حکومت شاید واحد حکومت ہے جو سیاسی مخالفین کے خلاف توہین مذہب کے قوانین کا بے شرمی کے ساتھ کھلم کھلا استعمال کر رہی ہے۔سابق وزیر وفاقی وزیر نے کہا کہ مذہب کارڈ کا استعمال سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کی بہت شرمناک کوشش ہے، مریم نواز اور فضل الرحمن عمران خان کے وجود کو ختم کرنے کے لیے یہ جال بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسے ٹرینڈز کے پیچھے مریم نواز ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر احسن اقبال نے سابق وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو لائسنس دیا گیا ہے کہ ان کے ذہن میں جو بھی آئے وہ بول دیں۔
احسن اقبال نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ یہ شخص مذہبی معاملات پر بات کرتے ہوئے بھی کوئی پرواہ نہیں کرتا اور اکثر مذہبی شعائر کی بے توقیری کرتا ہے جیسا کہ وہ اپنے سیاسی مخالفین کے معاملے میں کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خود پسندی، خود غرضی اور جہالت نے عمران کے دماغ کو ماف اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم کردیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان خود پسندی کے مرض میں مبتلا شخص ہیں اور ایسا شخص (ملک کیلئے)خطرناک ہے۔