وزیراعظم

وزیراعظم سے امریکی صدر کی ملاقات ،جوبائیڈن کامشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

نیویارک (گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی جس میں امریکی صدر جوبائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں قائدین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سینکڑوں اموات پر افسوس کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔امریکی صدر جو بائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے ٹوئٹر پر بتایاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکہ کے صدر جو بائیڈن سے ملاقات ہوئی۔انہوںنے بتایاکہ یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے عالمی رہنمائوں کے اعزاز میں امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔ بعد ازاں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر جو بائیڈ ن کے درمیان ہو نے والی مختصر بات چیت مثبت اور تعمیری تھی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات ٹھوس بنیادوں پر استوارہو رہے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ عالمی رہنمائوں نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر ہمدردی اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور اب اس جذبے کو ٹھوس اقدامات میں تبدیل ہو نا چاہیے تاکہ پاکستان سیلاب سے بڑنے پیمانے پر تباہی کے بعد بحالی اور بہتر تعمیر کی طرف جا سکے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہم نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجہ میں غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے نقصانات بارے بین الاقوامی برادری کو بھرپورطریقے سے آگاہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں