احتساب عدالت

پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی

لاہور (کورٹ رپورٹر) احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی اور تفتیشی افسر سے کہا کہ اگر ملزمان کے خلاف کچھ ہے تو عدالت لے آئیں۔خواجہ برادران کے خلاف احتساب عدالت میں پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی۔سماعت کے موقع پر عدالت نے اشتہاری ملزمان کے شامل تفتیش ہونے پر مکمل تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میرے کیس میں چار ججز تبدیل ہوچکے ہیں، پاکستان انصاف میں نیچے سے پانچویں یا چوتھے نمبر پر ہے۔تین کروڑ پاکستانی سیلاب میں ڈوبے ہیں،عمران خان میں کوئی شرم اور حیا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی لانگ مارچ کریں، قانون کے مطابق ٹریٹمنٹ ہو گا۔وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کوئی پتلی گلی سے نکل رہا ہے تو کوئی کئی سال تک سزا کاٹ رہا ہے، ڈالر کنٹرول کرنا مفتاح کا کام ہے، میں اکانومی کا طالبعلم نہیں، ڈالر کیوں کنٹرول میں نہیں ہو رہا، یہ سوال مفتاح اسماعیل ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔

ایک صحافی کی جانب سے مفتاح اسماعیل کی تبدیلی سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کی تبدیلی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہی دیکھا ہے، میرے علم میں نہیں کہ مفتاح اسماعیل کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔پاکستان کی پارلیمنٹ سے ٹرانس جینڈر ایکٹ 2018 میں منظور کیے جانے سے متعلق خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خواجہ سراں کا میڈیکل بورڈ بننا چاہیے، تمام پارٹیاں اس بل میں شامل ہیں، کسی کو حقوق دینے سے محروم نہیں کیا جاسکتا، اوتھ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، صرف ایک پیرا تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواجہ سراوں کا شناختی کارڈ تو بننا چاہیے، کسی کو بے شناخت نہیں رکھ سکتے، اس معاملے کو ہم جنس پرستی سے جوڑنے والی بات مجھے سمجھ نہیں آتی، کسی کو حقوق دینے سے محروم نہیں کیا جاسکتا، اس کا مذاق نہ بنائیں، اگر کوئی محروم پیدا ہوا ہے تو کیا اس کا مذاق بنایا جانا چاہیے؟۔انہوں نے بتایا کہ اوتھ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی صرف ایک پیرا تبدیل کیا گیا ہے، آپ اس وقت مطالبہ کررہے ہیں کہ تین کروڑ پاکستانی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور لاکھوں لوگ بیگھر ہوچکے ہیں اور کھانا مانگنے پر مجبور ہیں، ایسے حالات میں ایک شخص کہہ رہا ہے کہ انتخابات کروائے جائیں۔

وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی لمبی زبان ہے جسے پکڑنے والا کوئی نہیں، بدزبان بدتمیز سے بچو اور شریف آدمی کو رگڑا لگا، یہ ملک میں چل رہا ہے، پنجاب حکومت میں تبدیلی کے حوالے سے مجھے کچھ نہیں پتہ، جس نے پنجاب میں تبدیلی کی بات کی ہے اس سے پوچھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں