لاہور( گلف آن لائن )پنجاب حکومت کے مشیر برائے اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹولہ عوام سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ چھیننے کے درپے ہوگیا ہے،قیامت خیز مہنگائی اور جان لیوا بجلی کے بلوں نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے،ڈالر اور پٹرول کی قیمتیں ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اورملک معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے کا ایک ایک پل ملک اور قوم پر قیامت ڈھا رہا ہے مگر ان بے شرموں کی فوج ظفر موج بیرون ملک عیاشیاں کررہی ہے،مسخرہ وزیراعظم اور پرچی شہزادہ بلاول دیار غیر میں ملک اور قوم کیلئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں،شہباز شریف نے جنرل اسمبلی میں تھوک چاٹ تھکی ہوئی بے جان پرچی تقریر کی،شہباز شریف کے خطاب کو نہ جنرل اسمبلی میں اہمیت ملی اور نہ قوم میں،پوری دنیا جانتی ہے یہ امپورٹڈ بھکاری وزیراعظم ہے جن کی جڑیں عوام میں نہیں ۔
انہوںنے کہا کہ جنرل اسمبلی میں سب سے زیادہ دیکھی اور سنی جانے والی تقریر کا اعزاز عمران خان کے پاس ہے،عمران خان نے 2019 میں جنرل اسمبلی میں جو تقریر کی وہ چند لمحوں میں دنیا کے کونے کونے تک پہنچ گئی،عمران خان کی تقریر کے کئی زبانوں میں ترجمے ہوئی اورپوری دنیا نے انہماک سے سنا ،شہباز شریف کی تقریر کو چند ہزار لوگوں نے بھی نہیں دیکھا ،اقوام متحدہ میں عمران خان کے خطاب کے وقت پورا ہال بھرا ہوا تھا جبکہ کرائم منسٹر کے خطاب کے وقت ہال میں چند لوگ موجود تھے۔
انہوںنے کہا کہ بلاول زرداری بیرون ملک بیٹھ کر فوج کے خلاف بغض باطن کا مظاہرہ کررہے ہیں ،انٹرن شپ وزیر خارجہ ملکی اداروں کے خلاف بونگیاں ماررہا ہے،مفتاح اسماعیل ٹی وی پر بیٹھ کر کہہ رہے ہیں نیب ترامیم فوج کروا رہی ہے ،قوم نیب ترامیم کے اصل کرداروں سے آگاہی چاہتی ہے۔