کرائسٹ چرچ (سپورٹص ڈیسک)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جب بھی کسی ٹیم کو اس کے گرائونڈ پر ہراتے ہیں تو اس سے کھلاڑیوں کو اعتماد ملتا ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف فتح کے بعد قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کے ہمراہ بات کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہاکہ جس طرح ٹیم نے پچھلا میچ کھیلا اور آج کا میچ کھیلا، کافی مثبت پرفارمنسز تھیں، بولرز نے پلان کے مطابق گیند کی اور بیٹرز نے بھی ذمہ داری لی، بحیثیت گروپ ہر بندہ اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
بابر اعظم نے بتایا کہ ہمارا پلان تھا کہ ہم نے شاداب اور نواز کو استعمال کرنا ہے اور انہیں اوپر کے نمبرز پر بھیجنا ہے کیونکہ ہمیں ان کی صلاحیتوں کا پتا ہے اور جس طرح یہ مخالف بولرز پر پریشر ڈالتے ہیں وہ ہمارے لیے بہت اہم ہے، یہی پلان تھا کہ عموما شاداب کی بیٹنگ نہیں آتی تو کیونکہ نہ اسے اوپر بھیج کر دیکھا جائے اور اس نے اپنی اسکلز اور اعتماد دکھایا، جو پارٹنرشپ لگی وہ بہت عمدہ تھی اور جس طرح شاداب نے بولرز پر اٹیک کیا تو گیم کا مومینٹم ہمارے ہاتھ میں آیا۔قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہاکہ میں اس موقع پر انتظار کر رہا تھا، میں پی ایس ایل میں اوپر کے نمبر پر کھیلا ہوں، میرا پلان بالکل سادہ ہوتا ہے کہ وکٹ پر جاکر بولرز کو پریشر میں لوں، وہی کوشش کی اور اللہ نے کامیاب کیا۔شاداب خان کپتان نے کہاکہ ایک پروفیشنل کی حیثیت سے آپ ہی چاہتے ہیں کہ آپ کی ذمہ داری بڑھے، آپ وہ کھلاڑی بنیں جس پر ساری ٹیم اور ساری قوم انحصار کر رہی ہو تو اس قسم کے پریشر کو لیکر کافی خوشی ہوتی ہے اور بولنگ اور بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے بھی چوتھے نمبر پر آکر 34 رنز اسکور کیے۔