وزیر خزانہ اسحق ڈار

وزیر خزانہ اسحق ڈار امریکا روانہ، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کریں گے

واشنگٹن (گلف آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار اہم سرکاری دورے پر امریکا روانہ ہو گئے۔وزارت خزانہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران وزیر خزانہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔توقع ہے اسحق ڈار اپنے دورہ امریکا کے دوران ان عالمی مالیاتی اداروں کے اہم عہدیداروں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیر خزانہ امریکا میں مرکزی بینکرز، وزرا، نجی شعبے کے ایگزیکٹوز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ دیگر اہم مصروفیات کے لیے دورہ امریکا پر روانہ ہونے سے قبل وزیر خزانہ نے پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کو تمام شرائط کے ساتھ باعزت طریقے سے مکمل کرنے اور بانڈ ہولڈرز اور پیرس کلب کے قرض دہندگان کو وقت پر ادائیگی کے عزم کا اعادہ کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ پیرس کلب کے قرضوں کی ادائیگی میں توسیع کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ ان قرض دہندگان کا مجموعی قرض کل غیر ملکی قرضوں کے 11 فیصد سے زیادہ نہیں ہے اور اس سے سال بھر میں قرضوں میں ملنے والا ریلیف ایک ارب 20 کروڑ ڈالر سے کم ہوگا جبکہ پاکستان پیرس کلب ممالک کا تقریبا 10 ارب 70 کروڑ ڈالر کا مقروض ہے۔اسحق ڈار نے کہا تھا کہ جب ہم بیرونی ادائیگیوں کیلئے 32سے 34 ارب ڈالر کا بندوبست کرنے جا رہے ہیں تو مزید ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا بندوبست کرنا کوئی بڑا مسئلہ نہیں ۔واضح رہے کہ وزیر خزانہ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جبکہ پاکستان تاریخ کے بد ترین سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہا ہے جس سے تقریبا سوا 3 افراد متاثر ہوئے ہیں ، لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں