شاہین شاہ آفریدی

فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی وارم اپ میچز میں حصہ لینے 15اکتوبر کو برسین پہنچیں گے

کرائسٹ چرچ(گلف آن لائن ) پاکستان کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچز میں حصہ لینے 15اکتوبر کو لندن سے برسین پہنچیں گے ۔ شاہین شاہ آفریدی لندن میں پی سی بی کے ایڈوائزری پینل کی زیرنگرانی ری ہیب مکمل کرنے کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022ء میں شرکت کے لیے 15اکتوبر کو برسبین میں قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔وہ میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کے17اور 19اکتوبر کو بالترتیب انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف شیڈول وارم اپ میچز میں شرکت کے لیے دستیاب ہوں گے، جہاں ان کی میچ فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔اس حوالے سے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی اسکواڈ کو دوبارہ جوائن کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ کھیل سے دور رہنا ان کے لیے آسان نہیں تھا، اس دوران وہ کئی دلچسپ اور سنسنی خیز میچز نہیں کھیل سکے۔شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ گزشتہ 10روز سے روزانہ بغیر کسی درد کے تیز رفتاری سے چھ سے آٹھ اوورز پھینک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ وہ نیٹ میں بالنگ اور بیٹنگ کررہے ہیں مگر میچ انورینمنٹ کا کوئی نعمل البدل نہیں اور وہ اس ماحول میں واپسی کے لیے مکمل تیار ہیں۔نوجوان فاسٹ بالر نے کہا کہ ری ہیب کا یہ پروگرام بہت سخت اور مشکل تھا مگر ایک پیشہ ور کھلاڑی کی طرح وہ اس سے بھرپور لطف اندوز ہوئے ہیں اور حقیقت یہی ہے کہ وہ اب خودکو بہت بہتر محسوس کررہے ہیں۔

اب صرف انتظار ہے تو اس کا کہ وہ کب پلیئنگ شرٹ زیب تن کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی میڈیکل پینل اور کرسٹل پیلس ایف سی کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے انہیں یہاں ری ہیب کے لیے طبی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت دی ۔دوسر ی جانب، فخر زمان بھی شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ لندن سے برسبین پہنچیں گے۔ وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ کے ٹریول ریزرو کا حصہ ہیں۔ اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ بالنگ کوچ عمر رشید بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ فخر زمان وہاں ٹیم ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو کی زیرنگرانی اپنا ری ہیب مکمل کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں