آغا سراج درانی

کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی آئین کے مطابق کی گئی ہے، آغا سراج درانی

کراچی(نمائندہ خصوصی)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی آئین کے مطابق کی گئی ہے۔آغا سراج درانی نے کراچی کی احتساب عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے گورنر کی تعیناتی وفاقی حکومت کا اختیار ہے، لوگوں کا کام ہے تنقید کرنا۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس ہو جاتی ہیں، ویڈیو بن جاتی ہیں، پاکستان میں ایسا سب کچھ ہوتا رہتا ہے، ملکی سیاست میں یہ سب ہوتا رہتا ہے۔

دوسری جانب کراچی کی احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج سمیت دیگر کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔آغا سراج درانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ احتساب عدالت کے فاضل جج کے ریٹائرمنٹ کے بعد نئے جج تعینات نہ ہو سکے۔لنک عدالت نے ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔قومی احتساب بیورو(نیب)کے مطابق آغا سراج درانی و دیگر پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں