ماسکو ( گلف آن لائن)یوکرین میں روسی میزائل حملے کے تناظر میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ میزائل حملے یوکرینی حملوں کا بدلہ ہیں۔ماسکو میں روسی سیکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ یوکرین نے مزید حملے کیے تو مزید سخت جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں کہ یوکرینی حملوں کا جواب نہ دیا جائے، دہشت گرد حملوں کی کوششیں جاری رہیں تو روس کا ردِ عمل شدید ہوگا۔
واضح رہے کہ روس میں ضم ہونے والے یوکرینی علاقے کریمیا کے پل پر ایک روز پہلے دھماکا ہوا تھا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کریمیا رابطہ پل پر دھماکے کو روسی صدر نے دہشت گردی قرار دیا تھا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ روسی صدر پیوٹن نے کریمیا پل پر دھماکے کی ذمے داری یوکرین پر عائد کی تھی۔