میاں اسلم اقبال

پوری قوم عمران خان کی کال کی منتظر ،حکومت کی غنڈا فورس کارروائیوں سے باز رہے ‘میاں اسلم اقبال

لاہور ( گلف آن لائن) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی غنڈا فورس کی جانب سے سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کی گرفتاری و تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں، جمہوری ملکوں میں ایسا نہیں ہوتا ،وفاقی حکومت کی غنڈا فورس ایسی کارروائیوں سے باز رہے ،پوری قوم تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال کی منتظر ہے، ان کی ایک کال پر ہر ایک احتجاج میں شامل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ ، ڈیزائن اینڈ مینجمنٹ کے زیر اہتمام فیشن ڈیزائنگ کی نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینئر صوبائی وزیر نے طلباء کی تخلیقی صلاحتیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے اور یہ شعبہ ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کمانے کے لئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔ میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کی غنڈا فورس نے پنجاب میں بھی غیر قانونی کارروائیوں کی کوشش کی تاہم آئی جی پنجاب کو اس حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آر او کے حوالے سے عمران خان کا بیانیہ درست ثابت ہوا ہے۔ کرائم منسٹر نے اپنی ، اپنے خاندان اور پارٹنرکی1100ارب روپے کی کرپشن کے کیس ختم کرالیے۔کرپٹ ٹولے نے اپنی کرپشن چھپانے کے لئے نیب کے قوانین ہی بدل دیئے۔شریف خاندان کے ملازمین کے اکائونٹ میں اربوں روپے نکلے ، کیسز ختم ہونے پر مٹھائیاں باٹنے اور تالیاں بجانے پر انہیں شرم آنی چاہیے ۔عوام آپ کی کرپشن کی کہانیوں کو کبھی بھول نہیں سکتے۔

پوری قوم ایک طرف اور سارے چور دوسری طرف اکٹھے ہو گئے ہیں۔ یہ زمینی حقائق جانتے ہیں کہ عوام انہیں ووٹ نہیں دیںگے۔ اسی لیے یہ انتخابات سے بھاگ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 25مئی کو احتجاج کے دوران ورکرز پر ناجائز مقدمات بنائے گئے جنہیں پراسیس کے تحت ختم کیا گیا ہے۔ 17جولائی کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے ہر حلقے میں 10ہزار اضافی ووٹ ڈلوائے، پھر بھی ہار گئی، اب بھی اسے شکست ہوگی۔عوام دو تہائی اکثریت سے پی ٹی آئی کو دوبارہ اقتدار میں لائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں