کراچی (گلف آن لائن)معروف اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے دوران وہ بولی وڈ میں کام تو کرلیں گے مگر پھر انہیں وطن واپسی پر اس کے نتائج بھی بھگتا پڑیں گے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اسی طرح بھارتی لوگ جو ان کے ساتھ کام کریں گے، انہیں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اور لوگ ان کی جانب انگلیاں اٹھائیں گے۔فواد خان ماضی میں 2014 میں ‘خوبصورت’ 2016 میں ‘کپور اینڈ سنز’ جب کہ 2016 میں ‘اے دل ہے مشکل’ نامی بولی وڈ فلموں میں کام کر چکے ہیں۔جلد ہی ان کی ایک ویب سیریز بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ‘زی فائیو’ پر نشر کی جائے گی اور چند ماہ قبل ان کی پہلی امریکی ہولی وڈ ویب سیریز ‘مس مارول’ بھی ریلیز ہوئی تھی۔اپنی ایکشن فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی پروموشن کے وقت شوبز ویب سائٹ ‘ورائٹی’ سے بات کرتے ہوئے فواد خان نے مستقبل میں بھارت میں کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے بھی پہلی بار کھل کر بات کی۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کی ایکشن پنجابی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کلاسیکل پاکستانی فلم کا نیا ورڑن ہے، ان کی فلم ریمیک نہیں ہے بلکہ پرانی ہی فلم ہے مگر اسے جدید انداز میں پیش کیا گیا ہے اور ان سمیت تمام شخصیات کو امید ہے کہ ان کی فلم نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔انہوں نے بولی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سوال یہ نہیں ہے کہ وہ بھارت کے لیے کام کریں گے یا نہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ وہاں کے لوگ ان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے یا نہیں؟انہوں نے بتایا کہ شاید بولی وڈ میں کام کرنے کے لیے ان کے ساتھ اتنا مسئلہ نہ ہو، جتنا وہاں کے لوگوں کے ساتھ مسئلہ ہوگا۔فواد خان کے مطابق جو بھی بولی وڈ شخصیات ان کے ساتھ کام کریں گی تو ان کے ساتھ وہاں مسائل ہوں گے، لوگ ان کے خلاف انگلیاں اٹھائیں گے۔