قومی اسمبلی

قومی اسمبلی ،قائمقام سپیکر کا وقفہ سوالات کے دور ان مرتضیٰ جاوید عباسی کی عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار ، کورم پور نہ ہونے پر اجلاس ملتوی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی کے قائمقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے وقفہ سوالات کے دور ان وفاقی وزیر پارلیمانی مرتضیٰ جاوید عباسی کی عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ، کورم پورا نہ ہونے کے باعث قومی اسمبلی کااجلاس ملتوی کر نا پڑا جبکہ وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے ، بڑی جدوجہد کے بعد ہم یہاں پہنچتے ہیں ،اجلاس کو بروقت شروع کیا جائے ۔ جمعہ کو وقفہ سوالات کے دور ان مرتضیٰ جاوید عباسی کی عدم شرکت پر قائمقام سپیکر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاکہ کہاں ہیں مرتضی جاوید صاحب، جہاں بھی ہیں ایوان میں پہنچیں،چیف وہیپ لیٹ پہنچیں گے تو باقی ارکان کیسے ائیں گے۔

اس دور ان غوث بخش مہر نے کہاکہ چیف وہپ نہیں ہے، کورم پورا نہیں ہے ہائوس کیسے چلا رہے ہیں، آخر ممبر کیوں نہیں آتے۔غوث بخش مہر نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ سید خورشید شاہ نے کہاکہ پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے بڑی جدوجہد کے بعد ہم یہاں پہنچتے ہیں،اجلاس کو وقت پر شروع کیا جائے تاکہ اچھا پیغام جائے،اگر اجلاس ہی تاخیر سے شروع کریں گے تو کیا تاثر جائے گا،اگر اجلاس کا وقت گیارہ بجے ہے تو پورے گیارہ بجے ہی شروع کردیا کریں،اس طرح کریں گے تمام ممبران کو بھی پتہ چل جائے کہ اجلاس وقت پر شروع ہوتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اگر اجلاس تاخیر سے شروع کریں گے تو ممبران کو بھی تاخیر سے آنے کی عادت پڑ جائے گی۔قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہاکہ آئندہ اجلاس وقت پر ہی شروع کردیا جائے گا،اگر ممبران نہ بھی آئیں تو اجلاس اپنے مقررہ وقت پر ہی شروع ہوگا۔ قومی اسمبلی اجلاس کا کورم نامکمل نکلا جس کے باعث قائمقام سپیکر نے اجلاس سوموار شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا

اپنا تبصرہ بھیجیں