وفاقی وزیر خورشید شاہ

وفاقی وزیر خورشید شاہ نے ایٹمی اثاثوں سے متعلق امریکی صدر کے خدشات مسترد کر دئیے

اسلام آبا د(گلف آن لائن) وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے پاکستان کو دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دینے کا امریکی صدر جوبائیڈن کے پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے ایٹمی اثاثوں سے متعلق امریکی صدر کے خدشات مسترد کر دیے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ دو ارب مسلمانوں کی دنیا میں پاکستان واحد اسلامی ایٹمی ریاست ہے،امریکی صدر کا پاکستان کے خلاف ایسی بات کرنا دراصل مسلمانوں پر عدم اعتماد ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان ذمہ دار ترین ایٹمی طاقت، کبھی اپنے اثاثوں کا غلط استعمال نہیں کیا۔

خورشید شاہ نے کہاکہ اتنی بڑی جوہری طاقت کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ صبر و تحمل سے گزارا کیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے اندر عمران خان بیرونی طاقتوں کے ایجنڈے پر ہے، عمران خان کا اصل ایجنڈا بھی ایٹمی طاقت کو ختم کرنا ہے،یہ یہودی ایجنڈا ہے، قوم کو اس کا احساس ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اسی ایجنڈے کے تحت عمران خان پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں مصروف ہے۔ خورشید شاہ نے سولہ اکتوبر کے ضمنی الیکشن کو ریفرنڈم قرار دے دیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ پاکستان کی معیشت، سالمیت کی جنگ لڑنی یا گالم گلوچ،جھوٹ کی سیاست کا حصہ بننا۔

خورشید شاہ نے کہاکہ الیکشن صاف شفاف ہوں گے جو نتیجہ آئے سب تسلیم کریں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ عمران خان کی نشستیں تھیں، اگر وہ تین چار بھی ہار جاتا تو اس کی شکست ہو گی،عمران خان اپنا جرم تسلیم کر چکا کہ وہ کٹھ پتلی تھا۔خورشید شاہ نے کہاکہ قوم اس کٹھ پتلی کو مسترد کر دے۔ خورشید شاہ نے اعتزاز احسن کے بیان پر بھی تنقید کی اور کہاکہ بے شک اعتزاز کی ذاتی رائے مگر سینئر رہنما کو غلط بات کا احساس کرنا چاہیے۔خورشید شاہ نے کہاکہ پارٹی نے بھی اعتزاز احسن کے بیان کا نوٹس لیا،اعتزاز احسن جانتا ہے، کیسز جھوٹے تھے، وہ میرے خلاف بنائے کیسز کی حقیقت بھی جانتا ہے۔خورشید شاہ نے کہاکہ ایسی بات نہیں کہنی چاہیے جس میں کوئی حقیقت نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں