علی ظفر

علی ظفر دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی باکس آفس پر تاریخی کامیابی دیکھنے کے خواہشمند

کراچی (گلف آن لائن)معروف پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو باکس آفس پر تاریخی کامیابی حاصل کرتا دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔علی ظفر نے اس شاہکار کو تخلیق کرنے کیلئے بلال لاشاری کے 10 سالہ طویل عزم کی تعریف کی۔انہوں نے فلم کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یہ 100 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر چند سال بعد ایک ایسی فلم ضرور آتی ہے جو رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے نئے ریکارڈ قائم کرتی ہے اور میرے خیال سے یہ وہی فلم ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے خود فلم بنانے کا تجربہ ہے، اس لئے سمجھ سکتا ہوں کہ ایک عظیم تصنیف کی عکس بندی کیلئے فلم میں کام کرنیوالے ہر شخص کو کن مشکلات سے گزرنا پڑا ہوگا اور پھر ان سب نے اس کام کو کس طرح شاندار طریقے سے انجام دیا ہے۔

علی ظفر نے کہا کہ ہدایت کار کا ایسی فلم بنانے کے بارے میں سوچنا اور پھر اس کی ریلیز تک اپنی زندگی کے 10سال لگانے کیلئے بہت عزم، صبر اور بہت حوصلہ درکار ہوتا ہے جو صرف اسے اور اس کے خاندان کو ہی معلوم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس کے سفر کے کچھ حصوں کو دیکھ کر، مجھے یقین ہے کہ وہ ایک حقیقی فنکار ہے اور اس کا حوصلہ بڑھایا جانا چاہئے اور اسے اعلی سطح پر ایوارڈ نوازا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میرا فلم کی باقی پوری ٹیم کیلئے بھی یہی خیال ہے۔علی ظفر نے کہا کہ فلم ٹیم ورک ہوتا ہے، فلم بنانے کے لیے ہر چیز کو تفصیل سے دیکھنا انتہائی مشکل کام ہے، اس بات کا مطالعہ اور اعتراف کیا جانا چاہیے، فلم کی پوری ٹیم تعریف کی مستحق ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں