شرمین عبید

شرمین عبید کا سندھ و بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کیلئے مینٹورشپ پروگرام کا اعلان

کراچی (گلف آن لائن)آسکر اور ایمی ایوارڈز یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے اپنے پروگرام پٹاخا پکچر کے تحت سندھ اور بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کیلئے مینٹور شپ کا اعلان کردیا۔شرمین عبید چنائے نے پٹاخا پکچر کا منصوبہ گزشتہ برس شروع کیا تھا اور اس کے تحت جنوری 2022میں پہلی بار ملک بھر کی 10خواتین فلم سازوں کو 12ہفتوں کی تربیت اور معاونت فراہم کی گئی تھی۔تین ماہ تک جاری رہنے والے مینٹور شپ پروگرام کے دوران منتخب ہونیوالی 10خواتین فلم سازوں نے منصوبے کے تحت 10منٹ کی دستاویزی فلمیں تیار کی تھیں۔اس کے بعد پٹاخا پکچر کے تحت شرمین عبید چنائے نے تائیوان پچ کے تحت بھی ایک منصوبہ شروع کیا تھا، جس میں دنیا بھر کی خواتین فلم سازوں کو مینٹورشپ دی گئی تھی اور اس میں پاکستان سے بھی فلم ساز خواتین منتخب کی گئی تھیں، جنہیں تائیوان میں جاکر تربیت دی گئی تھی۔

اب شرمین عبید چنائے نے پاکستان میں امریکی سفارت خانے اور تعلیم و آگہی نامی سماجی تنظیم کے تعاون سے پٹاخا ہکچر کے بینر تلے مینٹور شپ کے تیسرے پروگرام کا اعلان کردیا، جس کے تحت سندھ اور بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کو مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ایوارڈ یافتہ فلم ساز نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کی خواتین فلم سازوں کے منصوبے کے تحت 20خواتین فلم سازوں کو منتخب کیا جائے گا۔منتخب ہونے والی فلم سازوں کو جوڑی کی صورت میں منصوبہ دیا جائے گا اور دونوں صوبوں کی فلم ساز مجموعی طور پر 10فلمیں تیار کریں گی۔مینٹور شپ پروگرام میں شرکت کی خواہش مند خواتین فلم سازوں کو اپنی درخواستیں 25نومبر تک بھیجنے کی ہدایت کی گئی اور درخواست فارم ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔منتخب ہونے والی ہر جوڑی کو تقریبا 10لاکھ روپے تک معاونت اور 9ماہ تک امریکا اور سکاٹ لینڈ کے فلم سازوں سے تربیت دلوائی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں