خواجہ آصف

ایڈوائس صدر کے پاس چلی گئی، اب عمران کا امتحان ہے وہ ادارے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں یا متنازع،خواجہ آصف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے ایڈوائس صدر عارف علوی کے پاس چلی گئی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف کے لیے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کیلئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کے ناموں کی منظوری دی گئی۔

اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایڈوائس صدر عارف علوی کے پاس چلی گئی ہے، اب عمران خان کا امتحان ہے کہ وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں یا متنازع۔خواجہ آصف نے لکھا کہ صدر عارف علوی کی بھی آزمائش ہے کے وہ سیاسی ایڈوائس پہ عمل کریں گے یا آئینی و قانونی ایڈوائس پر عمل کریں گے۔وفاقی وزیر نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں یہ بھی لکھا کہ بحیثیت افواج کے سپریم کمانڈر ادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ صدر کو آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کی سمری بھجواد ی گئی لہٰذا صدر اس کی توثیق کریں تاکہ کوئی تنازع کھڑا نہ ہو۔وزیر دفاع نے کہا کہ صدر مملکت کی عمران خان سے مشاورت پر کمنٹ نہیں کرونگا، اس پر ٹویٹ کیا ہے، ائیرفورس،نیوی اور آرمی کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، امید ہے صدر اس چیز کو متنازع نہیں بنائیں گے اور ایڈوائس کی منظوری دے دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں