لاہور (گلف آن لائن) پاکستان تحریکِ انصاف سنٹرل پنجاب کی صدر و صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرا دی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ان کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اعظم سواتی کی گرفتاری پر ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، اعظم سواتی کے خاندان پر ظلم ہوا ہے جس کا از خود نوٹس لیا جائے۔یاسمین راشد نے درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم سواتی پر ظلم ہوا ہے،چادر اورچار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ سپریم کورٹ ازخود نوٹس لیکر چادراور چاردیواری کا تقدس محفوظ کرے۔خدا جانے کس دبائو پربچوں اور پوتے پوتیوں کے سامنے اعظم سواتی کی بے عزتی کی گئی۔ سونے پرسہاگا یہ ظلم وہاں نہیں روکا گیا بلکہ ایک ایسی ویڈیو ریلیزکی گئی جس نے تمام خواتین کا سرشرم سے جھکا دیا یعنی پاکستان میں کوئی خاتون محفوظ نہیں۔
یاسمین راشد نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو حیا شرم آنی چاہیے، 25مئی کو بھی عورتوں اور بچوں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پاکستان میں 50 فیصد آبادی عورتوں کی ہے، اگرظلم بند نہ کیا تو تمہیں بتائیں گے۔ کیا تمہارے گھروں میں مائیں بہنیں نہیں ہوتیں۔رانا ثنا اللہ نے خواتین کے ساتھ جو سلوک رکھا ہے، اس پر تمام خواتین احتجاج کریں گی، ہمیں امید ہے کہ چیف جسٹس پاکستان ہمیں انصاف دیں گے۔جبکہ مولانا فضل الرحمن کے خلاف بھی ایک پٹیشن دائر کروں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں، چادر اور چار دیواری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔یاسمین راشد نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ ہو رہا ہے، معیشت تباہ ہو گئی ہے، عمران خان نے اسمبلی تحلیل کرنے کی بات کی تو ان کا برا حال ہو گیا۔
٭٭٭٭٭