فنڈز کی منظوری

پنجاب میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

لاہور (گلف آن لائن)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2022ـ23کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے32ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی3 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 3ارب 85کروڑ 11لاکھ 1 ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے بذریعہ ویڈیو لنک کی۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر محمد انور سہیل چوہدری سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں جناح کرکٹ اسٹیڈیم سیالکوٹ کی بحالی و تزئین و آرائش کیلئے 1 ارب 96 کروڑ 20 لاکھ 6 ہزار روپے، ضلع و تحصیل خانیوال میں لاہور موڑ تا کبیر والا میٹلڈ روڈ کی بحالی و بہتری کیلئے 76 کروڑ 69 لاکھ 40 ہزار روپے اور ضلع راولپنڈی کے علاقہ پوٹھوہار ٹاؤن میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کے قیام (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 12 کروڑ 21 لاکھ 55 ہزار روپے شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں