سپریم کورٹ

ارشد شریف قتل، سپریم کورٹ کا حکومتی جے آئی ٹی مسترد، نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم

اسلام آباد (گلف آن لائن)سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے حکومتی جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے (کل)جمعرات تک نئی اسپیشل جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔

سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس محمد علی مظہر بینچ میں شامل ہیں۔دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ارشد شریف کی والدہ کا مؤقف بھی سنیں گے، جس پر صحافی حسن ایوب روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ سپریم کورٹ میں ارشد شریف کی والدہ کو لانے کے لیے لفٹ نہیں تھی، پولیس نے ارشد شریف کے اہلخانہ سے درست رویہ نہیں اپنایا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہیل چیئر کیلئے لفٹ تبدیل کر رہے ہیں، اس پر معذرت خواہ ہوں، پولیس والا معاملہ بھی دیکھ لیں گے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے ارشد شریف قتل کیس کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ عدالت کو پڑھ کر سنائی اور بتایا کہ رپورٹ ارشد شریف کے اہلخانہ کو بھی فراہم کر دی گئی ہے، دفتر خارجہ ارشد شریف قتل کی تحقیقات کے لیے ہر حد تک معاونت کر رہا ہے۔جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ مبینہ شوٹر کینین پولیس کا رکن ہے یا نہیں؟ جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا کینین پولیس کے 3 اہلکاروں کے انٹرویو رپورٹ میں شامل کیوں نہیں؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ کینیا کے حکام سے تحقیقاتی ٹیم نے معلومات حاصل کیں، فائرنگ کرنے والے 3 اہلکاروں سے ٹیم کی ملاقات کرائی گئی، چوتھے اہلکارکے زخمی ہونے کے باعث ملاقات نہیں کرائی گئی، کینیا میں متعلقہ وزیر اور سیکرٹری کابینہ سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں، ہائی کمیشن متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے۔عامر رحمان نے بتایا کہ ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے پوچھا کہ مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والے کون ہیں؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے کینیا پولیس کے اہلکار ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ رات ایک بجے عدالت کو رپورٹ فراہم کی گئی ہے، ارشد شریف کا بہیمانہ قتل ہوا، ارشد شریف کے قتل کا وقوعہ کینیا میں ہے، ان سے تعاون لیا جائے، ارشد شریف کے قتل کیس کے کچھ گواہان پاکستان میں بھی ہیں، کیا پولیس سے کوئی عدالت آیا ہے؟ کیا رپورٹ تحریرکرنے والے افسران عدالت میں موجود ہیں؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی اسلام آباد عدالت میں موجود ہیں۔جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ رپورٹ میں ذمہ داروں کا نام لکھا ہے تو ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی؟ رپورٹ میں درج کرداروں کو نظر انداز کر دیا گیا، تنبیہ کر رہا ہوں کہ ایسی رپورٹس عدالت میں پیش نہ کریں۔سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے ارشد شریف قتل کی تحقیقات کیلئے قائم اسپیشل جے آئی ٹی مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو فوری طور پر نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاکہ عدالت چاہتی ہے آزادانہ ٹیم قتل کی تحقیقات کرے، عدالت چاہتی ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کے کسی فرد کا کسی بااثر افراد سے تعلق نہ ہو، رپورٹ میں ہے کہ دو بھائیوں میں سے ایک نے ارشد شریف کو ویزا بھیجا، ان بھائیوں میں سے ایک نے بہت عام انداز میں دوسریکو کال پر بتایا کہ ارشدشریف کا قتل ہو گیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ پولیس نے ارشد شریف قتل کے معاملے پر جے آئی ٹی بنا دی ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا کام قابل ستائش ہے جکبہ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہاکہ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے نام تک رپورٹ میں نہیں لکھے گئے۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ مقدمے میں کس بنیاد پر تین لوگوں کو نامزد کیا گیا ہے؟ جبکہ جسٹس مظاہر نقوی نے پوچھا کہ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ کیوں درج نہیں کیا گیا؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جائزہ لینا ہو گا کہ غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ درج ہو سکتا ہے یا نہیں، انکوائری رپورٹ ریکارڈ کا حصہ بنے گی۔جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دئیے کہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، تنبیہہ کر رہا ہوں کہ حکومت بھی اسے سنجیدگی سے لے، عدالت صرف آپ کو سننے کیلئے نہیں بیٹھی۔ارشد شریف کی والدہ رفعت آراء عدالت میں پیش اور بتایا کہ ارشد شریف کے ساتھ کیا کیا ہوا اس سے متعلق رپورٹ بنائی ہے، ارشد شریف کی والدہ سپریم کورٹ میں آبدیدہ ہو گئیں اور کہا کہ آپ سے درخواست ہے ہمیں انصاف دیں، ارشد شریف کو پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا گیا اور وہاں بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑا گیا۔

والدہ ارشد شریف نے بتایا کہ جس طرح پاکستان سے ارشدکو نکالا گیا وہ اس رپورٹ میں لکھا ہے، دبئی سے جیسے ارشدکو نکالا گیا وہ بھی رپورٹ میں موجود ہے، مجھے صرف اپنے بیٹے کیلئے انصاف چاہیے۔چیف جسٹس نے کہا کہ افسوسناک واقعہ پر آپ سے بہت معذرت خواہ ہیں، اٹارنی جنرل صاحب، آپ ارشد شریف کی والدہ کی پیش کردہ رپورٹ دیکھیں، آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ تحقیقاتی ٹیم بغیر دباؤ کے قتل کی تحقیق کرے گی۔ارشد شریف کی والدہ کے شکریہ ادا کرنے پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ مسز علوی 2 شہیدوں کی دکھی اور افسردہ ماں ہیں، شکریہ کی ضرورت نہیں، عدالت اپنا فرض ادا کررہی ہے۔جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ آپ کو تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کرانا ہوگا، جس پر رفعت آرا نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم کو بیان پہلے بھی ریکارڈ کرا چکی ہوں۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ارشد شریف کی والدہ نے کئی لوگوں کے نام دیے ہیں، حکومت قانون کے مطابق تمام زاویوں سے تفتیش کرے، فوجداری مقدمہ ہے اس لیے عدالت نے کمیشن قائم نہیں کیا، کیس شروع ہی خرم اور وقار سے ہوتا ہے، عدالت کو کل نئی اسپشل جے آئی ٹی سے متعلق آگاہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں