لاہور(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترامیم سے وائٹ کالر کرائم پکڑا ناممکن ہوگیا ہے۔ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک تباہ اس وقت ہوتا ہے جب طاقتور اربوں روپے کی چوری کرتا ہے اور ملک کا پیسہ بیرون ملک بھجوا دیتے ہیں جس سے ملک کمزور ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم پکڑنا پہلے ہی مشکل تھا ، نیب قوانین میں ترمیم سے اب ناممکن ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہی چور دوبارہ حکومت میں آکر بیٹھ گئے ہیں اور خود کو چوری کا لائسنس دے دیا، جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ملک تب ترقی کرے گا جب قانونی کی حکمرانی ہوگی، بڑی کرپشن نہیں پکڑیں گے تب تک ملک خوشحال نہیں ہو سکتا۔