سلیمان شہباز

عمران خان نے 4 سال ملک کیساتھ کھیلا، حساب دینا ہوگا،سلیمان شہباز

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے 4 سال ملک کیساتھ کھیلا، حساب دینا ہوگا۔منی لانڈرنگ کیس میں پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان شہباز نے کہا کہ (ن )لیگ کی ساری قیادت جیل میں قید رہی، ابھی تک سیاست ہمارے ساتھ ہوئی ہے اب ہم کریں گے، کے پی گورنمنٹ کرپشن کی داستان ہے، 2008 سے کے پی میں جو ہوتا رہا وہ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کی داستانیں سامنے آئیں گی، ان سب کا جواب دینا پڑیگا، عمران نیازی بلیک میلنگ کر کے بھی کچھ نہیں کرسکا، ان لوگوں کو عبرتناک سزائیں ملنی چاہئیں، پی ٹی آئی ایک فاشسٹ پارٹی ہے، اس نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کیں، آج کل شہزاد اکبر صاحب پاکستان سے باہر ایک محل میں برتن دھو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم واپس آئے ہیں ہم سمجھتے ہیں پاکستان میں اب فیئر انوائرمنٹ ہے، ہم اپنے کیسز کا مکمل دفاع کریں گے، عمران خان قوم سے جھوٹ بولتا رہا کہ میں نے قرضے لیے ہیں، اس نے اپنے 4 سالہ دور میں 25 ہزار ارب کا قرضہ لیا، وہ پیسہ کہاں گیا؟ یہ گھڑیاں چوری کرتا رہا وہ پاکستان کی امانت تھیں، میں اس کو چیلنج کرتا ہوں یہ گھڑی بیچنے، پیسے لانے کی رسید قوم کو پیش کرے، دکھائے وہ کرپشن کیسے ہوئی۔سلیمان شہباز نے کہا کہ یہ گھٹیا چور ہے، گھڑی چوری کی ٹرانزیکشن کا حساب دے، ہم تو کہتے تھے کہ ویسٹ اور ایسٹ پاکستان کا دوست ہے، ہم تو سب کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں، اس نے امریکن سازش کا ڈھونگ اور ڈرامہ کیا، اب کہتا ہے غلطی ہو گئی، غلطی نہیں ہوئی یہ ڈرامے باز شخص ہے، سائفر کے اوپر اس کی ڈرامے بازی ساری قوم کے سامنے عیاں ہوگئی۔

وزیراعظم کے صاحبزادے نے کہا کہ عمران نیازی توشہ خانہ میں جو کچھ کر کے گیا اس کے اب حساب کا وقت آگیا ہے، ہم اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، یہ عدالتوں میں آئے اور اپنے مقدمات کا سامنا کرے، قوم دیکھ رہی ہے کب اس کے خلاف کیسز کا نتیجہ نکلے گا، کب اس کو سزا ملے گی، جب تک اس کو سزا نہیں ملے گی ہم اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں