فیاض الحسن چوہان

پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کیلئے (ن) لیگ اور شہنشاہ کرپشن زرداری کوششیں کر رہے ہیں’فیاض الحسن چوہان

لاہور(گلف آن لائن ) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان کے بارے میں جعلی آڈیوز نکالنے کا دھندہ ن لیگ نے شروع کیا ہوا ہے،پی ڈی ایم شکست کے خوف سے اسلام آباد کا الیکشن ملتوی کروا رہی ہے،میں اسلام آباد کا الیکشن ملتوی کرنے کی سازش کی پر زور مذمت کرتا ہوں، اسلام آباد کا الیکشن پی ٹی آئی کے خوف کی وجہ سے ملتوی کیاجارہاہے،پی ڈی ایم اسلام آباد سے راہ فرار حاصل کر رہی ہے۔پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کٹ پیسٹ آڈیوز اور ویڈیوز تیارکرکے پی ڈی ایم اور کچھ حلقے عمران خان کی کردار کشی کر رہے ہیں۔ آڈیو لانے سے عمران خان کی عزت و وقار کو نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ کرپٹ ٹولہ اور اس کے حواری جتنے مرضی جتن کر لیں عمران خان کی عزت دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ جن کی اپنی آڈیوز اور ویڈیوز موجود ہیں وہ عمران خان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کیلئے ن لیگ اور شہنشاہ کرپشن زرداری کوششیں کر رہے ہیں۔

اس وقت پنجاب میں تین اجلاس بلائے جا چکے ہیں۔41واں اجلاس جو حمزہ نے بلایا وہ غیر آئینی تھا جو ملتوی نہیں ہوا۔42 واں اجلاس ہماری حکومت کا سپیکر پنجاب اسمبلی کے تحت چل رہا ہے اور تیسرا غیر آئینی اجلاس گورنر نے بلا لیا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گورنر نے سپیشل اجلاس اعتماد کے ووٹ کیلئے بلانا ہے، چلتے اجلاس میں سپیشل اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔ اعتماد کے ووٹ کااجلاس اسمبلی کے غیر معینہ مدت ملتوی کے بعد ہی بلایاجا سکتا ہے۔ گورنر کی جانب سے بلایا گیا ،اجلاس ایک ارب فیصد غیر قانونی ہے۔کوئی بھی ماہر قانون میری بات کو رد کردے تو میں قوم سے معافی مانگ لوں گا۔ انکا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم تیرہ گیدڑوں کی جماعت ہے جو کہتی رہی کہ ہم بہت پاپولر ہیں۔اب تیرہ رنگی جماعت الیکشنز کے نام سے بھی گھبراتی ہے۔

ہمیں یہ لوگ کہتے رہے الیکشن کروائیں، جب الیکشن کروانے کیلئے کہا گیا تو بھاگ رہے ہیں۔اس وقت ریاست، معیشت اور عوام ڈوب چکے ہیں، پاکستان سو فیصد دیوالیہ ہو چکا ہے اور ہمارے پاس قرضوں کیلئے پیسے نہیں۔ پی ڈی ایم نے ساڑھے گیارہ سو ارب روپے کرپشن بچانے کیلئے این آر او 2 لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ڈیڑھ سال بھی اقتدار میں رہے تو ملک و معیشت کو نہیں چلا سکتے۔عمران خان پچیس ارب ڈالر سے بتیس ارب ڈالر کر ایکسپورٹ لا سکتا تھا تو اب بھی لا سکتا ہے۔عمران خان انڈسٹریل گروتھ 10.6 پر لاسکتا تھا تو اب بھی لا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو رات کو خواب میں عمران خان دیو بن کر نظر آتا ہے۔ پرویز الٰہی نے ثابت کر دیا وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور ق لیگ سو فیصد پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔رانا ثناء اللہ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ عقل کا اندھا ہے اور دانش کا لنگڑا ہے، وہ جہاں سے بول رہا ہمیں پتہ ہے۔ رانا ثنااللہ میں ہمت ہے تو ایوان وزیر اعلی میں آ کے دکھائے۔ راناثنااللہ کو کہوں گا بڑھکیں مارنے اور مونچھوں کو تیل لگانے کے علاوہ کوئی قانون بھی پڑھ لیا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سو دن کیلئے اجلاس بلانا ہے آئین میں صرف یہ ہی لکھا ہوا ہے۔ پرویز الہی موجودہ حکومت کے اتحادی ہیں وہ پی ٹی آئی کا حصہ نہیں نہ کسی ونگ کا حصہ ہیں۔پرویز الٰہی کہ چکے ہیں کہ نوازشریف واپس آئے تو پنجاب کی ہر جیل کی سیر کروائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں