فواد چوہدری

نمبر ز پورے ہیں ، اعتماد کا ووٹ لینے ، عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں’ فواد چوہدری

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس نمبر ز پورے ہیں ، ہم اعتماد کا ووٹ لینے اور عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں اور اس میں پرویز الٰہی کامیاب ہوں گے،سپیکر کا استحقاق ہے کہ وہ عدم اعتماد کی تحریک پر کارروائی کرتے ہیںیا اعتماد کاووٹ پہلے لینے کیلئے کہتے ہیں،یہ صرف انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں ، اگر اپ میں ملک چلانے کی اہلیت نہیں تو جان چھوڑ دیں ، جہاں تک رانا ثنا اللہ کی وزیر اعلیٰ ہائوس کو سیل کرنے کی بات ہے تو یہ کوئی فیصل آباد میں کارنر پلاٹ نہیں ہے جس پر آپ قبضہ کر لیں گے اور کوئی چھڑوا نہیں سکے گا، سب کچھ آئین و قانون کے مطابق ہوگا۔ وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی پر لازم ہے کہ وہ پارٹی ہدایات پر عمل کریں ، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق ) کی پارلیمانی پارٹیوں کے دو روز میں اجلاس ہوں گے جس میں دونوں پارلیمانی پارٹیاں پرویز الٰہی پر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گی ۔انہوںنے کہا کہ اجلاس شیڈول کرنے کا اختیار سپیکر کے پاس ہے ، سپیکر کا استحقا ق ہے کہ وہ کس معاملے کو پہلے لیتے ہیں،وہ تحریک عدم اعتماد کو پہلے لیتے ہیں یا اعتماد کے ووٹ کیلئے کہتے ہیں۔

عدم اعتماد کی ناکامی کے فوری بعد پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی ایڈوائس کر دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے صرف الیکشن سے فرار کا رویہ اختیار کیا ہوا ہے،اسلام آباد میں کیا تماشہ لگا یا ، وہاں مقامی حکومت کے انتخابات میں چھ دن رہ گئے ہیںاور یہ اسے ناکام بنانے میں لگے ہوئے ہیں، کراچی میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جارہے ،آپ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیوں کے انتخابات نہیں چاہتے ، اصل میں آپ لوگوں کے سامنے جانے کی اوقات نہیں رکھتے ، رانا ثنا اللہ اور خواجہ آصف بڑھکیں مار رہے تھے کہ اسمبلیاں تحلیل کریں لیکن آج آپ کی یہ حالت کیوں ہو گئی ہے ، وفاقی وزراء کو پتہ نہیں کون کون سی بیماری لا حق ہو گئی ہے ،ان کو شرم آنی چاہیے ، ن لیگ ویسے بھی عجیب و غریب پارٹی ہے ، ان کی پلیٹیں لندن میںبیٹھی ہوئی ہیں اورچمچے یہاں ہیں جنہیں اپنی فکر پڑ گئی ہے ،اگر آپ نہیں جیتے تو آپ حکومت نہیں کر سکتے۔

دو روز میں سٹاک مارکیٹ 1500پوائنٹس گر گئی ہے ، آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمتوں میں 30سے40فیصد اضافے کا کہہ دیا ہے ،بجلی کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن حکومت کے پاس تیل خریدنے کے پیسے نہیں ہے ، ایسا لگتا ہے کہ اگلے ہفتے تیل بھی نہیں ملے گا۔ انہوںنے کہا کہ آپ نے ریسٹورنٹ آٹھ بجے بند کرنے کا کہہ دیا ہے ، اس کا بزنس کہاں سے چلے گا ، مارکیٹیں آٹھ بجے بند کرنے کا کہہ رہے ہیں لوگ کہاں کاروبار کریں گے ، آپ میں اہلیت نہیں ہے کہ ملک کو چلا سکیں تو جان چھوڑ دیں ۔ انہوںنے کہا کہ مراد سعید گزشتہ چھ مہینے سے بات کر رہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ میںدہشتگردی بڑھ رہی ہے آپ نے اس طرف توجہ نہیں دی ، ہم نے اربوں روپے لگا کر باڑ لگائی وہ اکھاڑی جارہی ہے ، لوگ وہاں سے اتر اتر کر آرہے ہیں،بارڈر سکیورٹی کا حال انتہائی پتلا ہے ، بنوں میں کیا ہوا،پولیس ، لیویز اور سویلینزکی شہادتیں ہو رہی ہیں، وفا ق نے خیبر پختوانخواہ حکومت کو 126ارب روپے دینے ہیں جو نہیں دئیے جارہے اور وہاں دہشتگردی کھڑی ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے کہہ رہی ہے رعایتیں دیں وہ تیار نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ ان کی بس یہی کوشش ہے کہ کسی طریقے سے پنجاب اور خیبر پختوانخواہ میں انتخابات روک سکیں لیکن آپ انتخابات نہیں روک سکیںگے آپ نے جو شوق پورا کرنا ہے کر لیں ۔

پرویز الٰہی کامیاب ہوں گے جس کے بعد ہم اسمبلی کی ایڈوائس بھیجنے کی طرف جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا سیشن ختم نہیں ہوا ملتوی ہوا ، سپیکر اس پر اپنی رولنگ دیں گے ، لیکن ہم دونوں معاملات کے لئے تیار ہیں ، ہم اعتماد اور عدم اعتماد کے ووٹ کے لئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی اسمبلی میں بھی بھاگ رہے ہیں، پی ٹی آئی کے اراکین استعفے دے چکے ہیں سپیکر کیوں بھاگ رہے ہیں ، ہمارا کیس سپریم کورٹ میں بھی پڑا ہوا ہے ، ہم چاہتے ہیں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوںمیں ایک ہی دن انتخابات ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف بھی تحاریک عدم اعتماد جمع ہیں، اخلاقی طور پر چیئرمین آف پینل صدارت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں