سپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد (گلف آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی پاکستانی قوم کا مقدر ہے، پاکستانی قوم موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پر عزم ہے، امید ہے سال نو کا سورج پاکستانی قوم کے لیے ترقی و خوشحالی کا سورج بن کر طلوع گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ہم آہنگی، مفاہمت اور مکالمے کی پالیسیوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی مفاہمت کی پالیسی کو اپنا کر موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے اور ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئے سال 2023 کے آغاز کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے ملک سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستانی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج دہشتگردی کے خلاف برسر پیکار ہیں اور اس ناسور پر قابو پانے کے لیے انہیں قومی یکجہتی اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو دہشتگردی، انتہا پسندی اور مہنگائی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اور عوامی نمائندے ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ قوم درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے سیاستدان پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سیاست میں رواداری، محبت اور مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ قوم عزت نفس، عزم، مستقل مزاجی، برداشت اور جہد مسلسل کو زندگی اور معاشرے میں سنہری اصولوں کے طور پر اپنا کر ان تمام چیلنجز قابو پا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم قومیں اپنے ماضی سے سبق سیکھتی ہیں۔انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے شعر ”یقین محکم عمل پیہم محبت فاتح عالم”۔ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی، محبت اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر ملک و قوم کو چیلنجز سے نکلا جا سکتا۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے موقع پر پارلیمنٹ کے دروازے عوام کے لیے کھلے گے جس میں خواتین، بچوں اور پسماندہ طبقات، نوجوان، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اور ٹرانس جینڈر کے علاؤہ سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا جب خاکروب ، خواجہ سرائ اور نونہال بچوں نے ایوان میں تقریر کی اور منتخب عوامی نمائندوں سے سوالات پوچھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ نے ملک کے لیے موسمیاتی انصاف کا مقدمہ لڑنے میں اہم کردار ادا کیا اور عام لوگوں کے لیے قانون سازی کے لیے سرگرم رہی۔ سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ پارلیمنٹ چیلنجز کے حل پر توجہ مرکوز رکھے گی اور ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لائے گی۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ سال نو پاکستانی قوم کے لیے ترقی، امن اور استحکام کا سال ثابت ہو۔ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سال نو قوم کے لیے خوشیوں لائے گا اور ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔انہوں اس یقین کا اظہار کیا کہ 2023 نا صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کا سال ثابت ہوگا۔انہوں نے ملکی ترقی کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں