لاہور ( گلف آن لائن) سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کپتانی پر فوکس کرنے کی بجائے دوسرے معاملات دیکھے جو زیادہ اہم ہیں۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کپتانی کے حوالے سے یکدم شور مچنا پتہ نہیں کیوں شروع ہو گیا ہے، شاید اس لیے کہ سرفراز احمد نے دو ٹیسٹ میچز میں اچھا پرفارم کر دیا ہے اور اب کچھ لابیز ایسی ہیں جو اپنی خواہشات کے لیے کپتانی کے حوالے سے بات کر رہی ہیں، یہ وقت نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ نے پہلے ہی نائب کپتان کا تقرر کر کے غلط فیصلہ کیا، شان مسعود کو پہلے دو ون ڈے میچز میں کپتان اور کوچ نے کھلایا ہی نہیں، اس لیے بورڈ کو اب جلد بازی میں نہیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہو گا۔عاقب جاوید نے کہا کہکپتانی کے علاوہ بے شمار ضروری چیزیں ہیں جو بورڈ کو کرنا ہیں، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی، ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی جیسے معاملات زیادہ اہم ہیں، اس لیے کپتانی کی بجائے اہم معاملات پر فوکس کریں۔لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ لاہور قلندرز کے مقامی کھلاڑیوں کا کیمپ 4 فروری سے شروع ہو گا، لاہور قلندرز کی انتظامیہ پی ایس ایل 8 کے لیے پرجوش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے پہلے چار ایڈیشنز مشکل تھے، وہ مشکل وقت ختم ہو چکا ہے، ہماری کمی کپتان کی تھی جو شاہین شاہ آفریدی نے پوری کر دی ہے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ اس وقت ٹیم کمبی نیشن کے لیے لاہور قلندرز کے پاس جتنے آپشنز ہیں کسی اور کے پاس نہیں ہیں۔