مشعال ملک

حکومت کشمیری قیادت کی رہائی کیلئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے ، مشعال ملک

اسلام آباد ( گلف آن لائن)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پاکستان یاسین ملک سمیت جیلوں میں بند حریت قیادت کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم اور آبادی میں تبدیلی پر نئی قرارداد اورکشمیرانوائے مقرر کیا جائے ، دنیا کا امن کشمیر کے پرامن حل کے ساتھ منسلک ہے ، ہندوستان کے اندر سول وار آرہی ہے ، بھاری سرمایہ کاریاں بھی اسی سول وار کی نذر ہوجائیں گی ۔

وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں منعقدہ ایک روزہ ڈیجیٹل فوٹوگرافک اینڈ پینٹنگ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز طارق محمود ، اے پی ایچ سی راہنما عبدالحمید لون ، ڈائریکٹر فلم آصف الرحمان ، ڈپٹی ڈائریکٹر فلم اینڈ ایگزبیشن فارینہ مغل سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام تقریب میں شریک تھے ۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی طارق محمود نے نمائش سے متعلق شرکا کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز نے جامعات کے طلبا و طالبات کی جانب سے تیار کردہ آزادی تحریک کے حوالے سے پینٹگز مقابلوں میں بہترین فن پاروں کو آج نمائش کے لئے رکھا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی جانب سے تیار کی گئی”کشمیر بلیک آئوٹ”اور”سٹوری آف کشمیر ”دستاویزی فلموں اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ”کشمیر ہمارا ہے”کے عنوان سے نغمے کا اجرا کیا گیا ہے ، یہ بھی اسی نمائش کا ہی حصہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ آج کی اس نمائش میں تحریک آزادی کو بہترین انداز میں اجاگر کیا گیا ہے ، تصویر دنیا کو اصل حقیقت سے آشنا کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں قیامت کا منظر ہے ،ہم نے اپنی نئی نسل کو بتانا ہے کہ ہندوستان 75 سالوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آئوٹ ہے کوئی ہے ہی نہیں جو ہندوستان کی دہشت گردی کو روکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے مطالبہ ہے کہ یوکرائن سمیت بڑے تنازعات پر نوٹس لئے جاتے ہیں اور رپورٹس پر ایکشن ہوتے ہیں لیکن کیا وجہ ہے انھیں ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت پابند سلاسل ہیں، حریت راہنما علی گیلانی کی میت کی بے حرمتی کی گئی، ارشد سراہی کو جیل کے اندر زہر دیا گی، آسیہ اندرابی جیل میں بیمار ہے ، شبیر شاہ کے اہل خانہ دھکے کھارہے ہیں، یاسین ملک کو ایک قبر میں رکھا گیا ہے، پچھلے چار سالوں سے انھیں ڈیڈ سیل میں رکھا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو وضو کیلئے ابلتا ہوا پانی دیا گیا جس کی وجہ سے ان کا دائیں بازوں جل گیا ہے جس میں پس پڑ گئی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ہندوستان جو دھمکیاں دے رہا ہے اسکی بنیاد مقبوضہ کشمیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جس انداز کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کا جغرافیہ تبدیل کر دیا ہے اگر توجہ نہ دی گئی تو ایک سال میں مقبوضہ کشمیر منی ہندوستان بن جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی دہشت گرد آرمی کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کو دنیا میں دہشت گرد تنظیم کے طور پر رجسٹرڈ کیا جارہا ہے ۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ ہندوستان کے اندر اقلیتوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، گجرات سے متعلق بی بی سی کی ایک رپورٹ بھی سامنے آئی ہے ،پتہ نہیں کب ان رپورٹوں پر عمل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر کیمرہ مین ، ریسرچ، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور میڈیا ہائوس پر پابندیاں ہیں ،یہ پابندیاں دنیا کو کیوں نظر نہیں آرہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں کی آواز کشمیریوں کے ساتھ ہے اس کے ساتھ ساتھ ساری سیاسی پارٹیوں اور تمام طبقات سے کہتی ہوں کہ یہ جہاد مسلسل ہے ،ہم نے تھکنا نہیں ہے ،یہ فرض ہم نے ایمانداری سے ساتھ نبھانا ہے ۔ اے پی ایچ سی کے راہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت اطلاعات کے شکر گزار ہیں جو ہندوستان کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے رہتے ہیں ، پاکستان کشمیریوں کیلازوال رشتے کی پہچان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کئی دہائیوں سے اسی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ آج ایک کرب اور تکلیف میں ہے ،بلیک آئوٹ کے بعدہندوستان ہمارے جغرافیہ پر حملہ آور ہوچکا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر ایک تنازعہ کی حیثیت حاصل ہے ،ایسے میں ہندوستان کس طرح مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرسکتا ہے ؟۔

اپنا تبصرہ بھیجیں