کراچی (گلف آن لائن)پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار بلال اشرف نے بڑی اسکرین پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹیلویژن انڈسٹری میں قدم رکھنے کی وجہ بتا دی۔بلال اشرف نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اْنہوں نے بڑی اسکرین سے شہرت حاصل کرنے کے بعد چھوٹی اسکرین کی طرف متوجہ ہونے کے بارے میں بتایا۔کئی کامیاب پاکستانی فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کا دل جیتنے والے بلال اشرف نے ڈرامہ سیریل ‘یونہی’ کے ذریعے ٹیلیویژن کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اْنہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے کئی بار ڈراموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن اس بار مایا علی اور ڈرامہ سیریل ‘یونہی’ کے ہدایت کار احتشام الدین کی وجہ سے اس پیشکش پر انکار نہیں کر سکا۔بلال اشرف نے بتایا کہ میرا رجحان ڈراموں کی طرف اس لیے نہیں ہے کہ ڈرامے میں ایک دن میں کئی سین کی عکس بندی کی جاتی ہے، جبکہ فلم میں ایک یا دو سین ہی ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مگر پاکستانی ڈرامے اپنے بہترین معیار کی وجہ سے ایک ادارے کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔
بلال اشرف نے بتایا کہ اپنی صلاحتیوں میں اضافہ کرنا چاہتا ہوں اس لیے پہلی مرتبہ چھوٹی اسکرین پر کام کا انتخاب کیا۔اْنہوں نے اپنے کیریئر کے پہلے ڈرامے کی کہانی کے بارے میں بتایا کہ اس ڈرامے کی مصنف ثروت نظیر نے اپنی کہانی ‘یونہی’ کے ذریعے بہت سے پیغامات انتہائی سادگی اور خوبصورتی سے دیے ہیں۔بلال اشرف نے مایا علی کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اتنی زبردست اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ ظاہر ہے اچھا ہی ہوتا ہے، میں نے ڈرامہ کرنا مایا علی سے ہی سیکھا ہے۔