ایبٹ آباد(گلف آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پشاور دھماکے کے قصوروار وہ ہیں جو 10 سال حکومت کرتے رہے، خیبر پختون خوا کو وسائل کی نہیں نواز شریف کی ضرورت ہے۔ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو وسائل کی ضرورت نہیں ہے بلکہ خیبرپختونخوا کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے، میں خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں خود چل کر جاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قابل ذکر منصوبے ن لیگ کے دور میں بنے، ہر قابل ذکر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہوا ہے ، میری آنکھیں ترس گئیں لیکن خیبر پختونخوا میں کوئی منصوبہ نظر نہیں آیا، بلین ٹری منصوبے کا نام سن سن کے ہمارے کان پک گئے۔مریم نواز نے کہا کہ پشاور دھماکے کا کون ذمہ دار ہے جس میں سیکڑوں جانیں گئیں، پشاور دھماکے کے قصوروار وہ ہیں جو 10 سال حکومت کرتے رہے، خیبر پختونخوا کے وسائل کو بے دردی سے استعمال کرتے رہے، 10 سال میں خیبر پختونخوا میں لوگوں کو ان کا حق نہیں ملا۔
انہوں ںے کہا کہ جو کہتا تھا کہ میں پشاور کو لاہور بناؤں گا اس نے لاہور کو بھی پشاور بنادیا، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا ایک ہزار نوکریاں ہی دکھا دو، کہتے تھے 300 ڈیم بناؤں گا پورے پاکستان کو ڈیم فول بنا کر چلتا بنا۔مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کو پتا ہونا چاہیے کہ عمران خان 4 سال کیا کیا ظلم کرتا رہا، شاہ محمود قریشی کل ٹی وی پر کہہ رہے تھے نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، نواز شریف کو جنہوں نے نکالا اس گروہ کا سرغنہ آپ کی جماعت کا سربراہ ہے، کون کون اس سازش میں شامل تھا قوم کو بتانا پڑے گا، صرف اعتراف جرم کافی نہیں اپنے لیے سزا بھی تجویز کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس قوم کا کیا قصور ہے جس پر یہ ذہنی مریض لا کر مسلط کیا گیا، یہ جاتے جاتے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرگیا آج مہنگائی آئی ایم ایف کی وجہ سے ہے اور عمران خان کو آج مہنگائی یاد آرہی ہے، آج یہ کس مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں یہ مہنگائی ان کی وجہ سے ہے۔