ہمایوں اختر خان

الیکشن کمیشن اب کوئی نیاجواز تلاش کرنے کی بجائے انتخابات کیلئے عملی پیشرفت کرے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن کو کوئی نیاجواز تلاش کرنے کی بجائے پنجاب میں انتخابات کیلئے عملی پیشرفت کرنی چاہیے ،معزز عدالت کے حکم سے پہلے صدر مملکت بھی خط لکھ کر الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کی یاددہانی کرا چکے ہیں،الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اس لئے اسے آئین کی پاسداری کرتے ہوئے 90 روز میں انتخابات کو یقینی بنانا چاہیے ،عوام صرف پنجاب یا خیبر پختوانخواہ نہیں بلکہ پورے ملک میں بیک وقت عام انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے زمان پارک میں عمران خان کی حفاظت کیلئے لگائے گئے کیمپ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ معیشت کے نازک حالات یہ آگاہی دے رہے ہیں کہ انتخابات کے انعقاد میں جتنی تاخیر ہو گی مشکلات اتنی ہی بڑھتی جائیں گی ۔ ہمارا اب بھی یہی مطالبہ ہے کہ پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیوں کی بجائے پورے ملک میں عام انتخابات کا انعقاد کرایا جائے اور عوام اپنے ووٹ سے جسے بھی منتخب کریں وہ ملک کی باگ ڈور سنبھال کر اعتماد کے ساتھ معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کرے ۔

انہوںنے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک میں عدم اعتماد اور ہیجان کی کیفیت ہے جس کے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، اگر انتخابات اور معیشت کے حوالے سے بروقت فیصلے نہ لئے گئے تو معیشت کو مزید نقصان پہنچے گااس لئے ملک کو درپیش تمام مسائل کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں