یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز

ایک دہائی کے بعد ایم بی بی ایس کا نصاب تبدیل

لاہو ر(گلف آن لائن) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ایک دہائی کے بعد ایم بی بی ایس کا نصاب تبدیل کردیا۔اس حوالے سے وائس چانسلر یو ایچ ایس احسن وحید نے کہا کہ ایم بی بی ایس کا نصاب ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد تبدیل کیا گیا ہے، اب میڈیکل کالج میں پہلے دن سے طلبا کو کلینیکل تربیت دی جائے گی۔وائس چانسلر نے بتایا کہ نیا نصاب یکم مارچ سے میڈیکل کالجز میں نافذ العمل ہوگا جوکہ 44 ماڈیولز پر مشتمل ہے۔نئے نصاب کے نافذ العمل ہونے کے بعد میڈیکل کے طلبہ کو 5 سال میں 5500گھنٹے پڑھایا جائے گاجبکہ 5سوگھنٹے سیلف اسٹڈی کے لیے رکھے گئے ہیں۔

امتحانات میں80فیصد حصہ یونیورسٹی پروفیشنل امتحانات، 20فیصد کالج میں کارکردگی کا ہوگا جبکہ ایم فل اور دیگرماسٹرز پروگرام میں تھیسز کی جانچ غیر ملکی ممتحن سے کرانے کی شرط ختم کر دی گئی۔یو ایچ ایس نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ سال سے صرف میڈیکل کے شعبوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کرائے جائیں گے جبکہ نان میڈیکل شعبوں میں پوسٹ گریجوایٹ ڈگری پروگرام بند کرنے اور پریکٹیکل امتحانات دوبارہ سنٹرلائزڈ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں