عمران خان

آزادی ،خوشحالی تب ممکن ہے جب ریاست آپکے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی’عمران خان

لاہور ( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی اور خوشحالی تب ممکن ہے جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی، جیل بھرو تحریک کا مقصد ایک جہاد ہے، تحریک آئین کے تحت میسر بنیادی حقوق پر یلغار کیخلاف ایک پرامن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ حقیقی آزادی کے لئے ہماری جیل بھرو تحریک وہاں لے کر جائے گی جہاں ایک آزاد اور خوشحال پاکستان بنے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی اور خوشحالی تب ممکن ہے جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی، جیل بھرو تحریک کا مقصد ایک جہاد ہے، جتنی تعداد میں آپ لوگ اس میں شرکت کریں گے اتنی ہی جلدی ہم اپنے مقصد کو پہنچ جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں جعلی ایف آئی آرز، نیب کے مقدموں، زیر حراست تشدد اور میڈیا و سوشل میڈیا سے وابستہ افراد پر حملوں کا سامنا ہے، یہ تحریک آئین کے تحت میسر بنیادی حقوق پر یلغار کیخلاف ایک پرامن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک غریب اور متوسط طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے مجرموں کے اس ٹولے کیخلاف ہے جنہوں نے قوم کو بدترین معاشی تباہی کے سپرد کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں