لاہور ( گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180ایچ ماڈل ٹائون میں منعقد ہوا ۔ جس میں پارٹی کے سینئر رہنما پرویز رشید ، کامران مائیکل ، خلیل طاہر سندھو ، طارق گل سمیت اقلیتی ونگ کے رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پارٹی کے مینارٹیز ونگ کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر مینارٹیز ونگ کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے تجاویز پر بھی مشاورت ہوئی۔اجلاس کے دوران مسیحی برادری کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک اور الیکشن کی تاریخ کا مسیحیوں کے پاک ایام سے متصادم ہونے پر احتجاج اور مذمت کی گئی۔ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ مسیحی برداری اپنا پہلا روزہ رکھ رہے ہیں اور پی ٹی آئی کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا گیا۔صدر علوی نے بھی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں انتخابات کے لئے 9 اپریل کا دن مقرر کیا ہے جس دن مسیحی برادری کا مذہبی تہوار ایسٹر منایا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ اقلیتیں بھی برابر کے پاکستانی شہری ہیںجن کے بنیادی حقوق کا تحفظ سب کے لئے ضروری ہے ۔