اسلام آبا د( گلف آن لائن)وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ بین الاقوامی معیار اور آن لائن سسٹم کے ذریعے شفافیت کو برقرار رکھا جائے، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ہاؤسنگ پراجیکٹس پر تیزتر اور جلد عملدرآمد کیا جائے ۔وفاقی وزیر خزانہ محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہواجس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ، ممبر (پلاننگ اینڈ ڈیزائن) سی ڈی اے، ممبر (اسٹیٹ) سی ڈی اے، ڈی جی (لینڈ) سی ڈی اے اور فنانس ڈویڑن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سی ڈی اے کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اجلاس کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ پراجیکٹس کاخاص طور پرجائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے قلیل مدتی اور درمیانی مدت کے رہائشی منصوبے شروع کیے ہیں۔ بتایا گیا کہ ان میں سے ایک ہاؤسنگ پراجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہے اور اسے رجسٹریشن کیلئے شروع کر دیا گیا ہے۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سی ڈی اے حکام کو ہدایت کی کہ بین الاقوامی معیار اور آن لائن سسٹم کے ذریعے شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔
وزیر خزانہ نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ پراجیکٹس پر تیزتر اور جلد عملدرآمد کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ نے حکام کو مزید ہدایت کی کہ ان منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کیا جا سکے۔