شاہین آفریدی

جیت پر اللّٰہ کا شکر ہے، جیت کا کریڈٹ مینجمنٹ کو دوں گا، شاہین شاہ آفریدی

لاہور (گلف آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ جیت پر اللّٰہ کا شکر ہے، جیت کا کریڈٹ مینجمنٹ کو دوں گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میچ کافی مشکل تھا، سوچا تھا کہ آخری گیند تک لڑیں گے، آخری گیند پر کامیابی ملنے پر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید اور ثمین رانا کا ٹیم کو بنانے میں اہم کردار ہے۔ مجھے اعتماد دیا گیا، میں اس وقت بنا جب مجھے نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ سینئر محمد حفیظ جیسے کھلاڑی ٹیم میں تھے۔انہوںنے کہاکہ مجھے لگا کہ اگر میں اوپر بیٹنگ کروں تو کچھ کر سکتا ہوں، میں نے ایک پیڈ پہنا ہوا تھا، پورا تیار بھی نہیں تھا تو میں نے خود آنے کا فیصلہ کیا۔ مجھے یقین تھا کہ ایک دو شاٹ لگ گئے تو ہم دبائو سے نکل آئیں گے۔شاہین آفریدی نے کہا کہ حارث رئوف دنیا کا بہترین بولر ہے، مجھے اس پر اندھا اعتماد رہتا ہے،اگر اس نے بائیس رنز دئیے ہیں تو پھر بھی اچھے بولرز ہیں ان پر اعتماد ہے۔انہوںنے کہاکہ محمد زمان کو کریڈٹ جاتا ہے،

انہوں نے اچھی بولنگ کی، پی ایس ایل دنیا کی بہترین لیگ ہے جس میں بہت اچھے میچز ہوئے۔لاہور قلندرز کے کپتان نے کہا کہ محمد رضوان ایک الگ انسان ہے، میں اسے جنتی کہتا ہوں، وہ خاص انسان ہے اور خاص کام کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میری ٹیم ڈیمانڈ کرتی ہے کہ جلد وکٹ لے کر دوں، میں چاہے لیگ کھیلوں یا ملک کیلئے جلد وکٹ لینے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ دوسری ٹیم کو دبائو میں لائوں۔کپتان لاہور قلندرز شاہین شاہ آفریدی نے کہاکہ کامیابی پر بہت خوشی ہوئی ہے، ہم قلندرز والے ایک فیملی کی طرح ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں