رانی مکھر جی

میری زندگی میں بڑی تبدیلی فلم” ‘کبھی الوداع نہ کہنا” میں کام کے بعد آئی،رانی مکھر جی

ممبئی (گلف آن لائن)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ سے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز کے بعد کئی مشہور فلموں میں کام کیا۔رانی مکھرجی نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اپنے فلمی کیریئر کے دوران آنے والے چیلنجز کے بارے میں بات کی۔اْنہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے لگتا ہے کہ میری زندگی میں ایک بڑی تبدیلی شاید اس وقت آئی جب میں نے کرن جوہر کی فلم ‘کبھی الوداع نہ کہنا’ میں کام کیا۔اْنہوں نے کہا کہ مجھے صحیح سے یاد نہیں ہے لیکن اس وقت میری عمر تقریباً 27 یا 28 سال تھی اور یہ وہ وقت تھا جب میں نے خود میں ایک بڑی تبدیلی محسوس کی اور خود مختار بننا چاہا۔

اداکارہ نے کہا کہ مجھے اپنے والدین کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو یاد ہے جب میں نے اپنے والدین سے کہا کہ میں بڑی ہو گئی ہوں اور میں جانتی ہوں کہ آپ لوگ میرا ساتھ دیں گے لیکن میں ابھی اکیلے رہنا چاہتی ہوں۔رانی مکھرجی نے کہا کہ میں نے کہا کہ مجھے اپنے ساتھ کچھ وقت گزارنا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ وہ وقت تھا جب پہلی بار میں نے یہ محسوس کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنی ذمے داریاں خود سنبھالوں اور خود زندگی گزاروں تو یہ میری زندگی کا ایک بہت اہم موڑ تھا۔یاد رہے کہ اداکارہ رانی مکھرجی حال ہی میں فلم ‘مسز چٹر جی ورسز ناروے’ کے ساتھ باکس آفس پر راج کرنے کے لیے بڑی اسکرین پر واپس آ گئی ہیں۔

اداکارہ کی اس فلم نے بھارتی فلم انڈسٹری کی کئی مشہور شخصیات کو حیران کر دیا ہے۔شاہ رخ خان، کترینہ کیف، وکی کوشل، کیارا اڈوانی اور بہت سی نامور شخصیات نے اس فلم میں رانی مکھرجی کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں