پرنسپل جنرل ہسپتال کا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے شہریوں میں فیس ماسک تقسیم 

لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر نے کہا ہے

کہ ماحولیاتی آلودگی اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک پہننا ناگزیر ہے اور ہیلتھ پروفیشنلز خود کو بیماریوں سے محفوظ رکھ کر ہی مریضوں کے علاج معالجے پر بھرپور توجہ دے سکتے ہیں لہذا ان پر لازم ہے کہ وہ اپنے اور مریضوں کے وسیع تر مفاد میں این سی او سی کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں جس سے وہ نہ صرف خود بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے بلکہ ان کے اس عمل سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو محدود رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ایسوسی ایشن لاہور جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام کورونا وائرس سے متعلق آگاہی واک کے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، صدر ایسوسی ایشن جنید میو، جنرل سیکرٹری مظہر شاہ، چیئرمین سلیم ساہی سمیت ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس بڑی تعداد میں موجود تھے جبکہ شرکاء نے کورونا بیماری سے بچاؤ کے متعلق پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں کورونا وباء کے دوران محکمہ صحت پنجاب کی پالیسی کے مطابق 35ہزار مریضوں کو مفت علاج معالجے اور تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کورونا کی بیماری کے علاوہ بھی نارمل حالات میں ڈاکٹرز کو مریضوں کے علاج کے دوران فیس ماسک کا استعمال کرنا چاہیے جو کہ ایس او پیز کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز میڈیکل سسٹم کا اہم جزو ہیں جو ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ مریضوں کے علاج معالجے میں اپنے فر ائض سر انجام دیتے ہیں اور ان کی خدمات کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے صدر جنید میو و دیگر عہدیداروں نے کورونا بیماری کے حوالے سے احتیاطی تدابیر بارے میڈیکل کمیونٹی میں شعور اجاگر کرنے کے لئے واک کا اہتمام کر کے اپنی احساس ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

اس موقع پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر، ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم اور ایسوسی ایشن کے عہدیداوں نے لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کیے تاکہ شہریوں میں اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ شعور بیدارکیا جائے۔ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی مزید قومی ذمہ داری سے ادا کریں اور کورونا کے نئے ویرنٹ سے بچنے کے لئے ماضی کی طرح قومی یکجہتی اور جذبے کے ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور عوام میں بھی شعور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا ویکسی نیشن بڑوں اور بچوں کیلئے ضروری ہے لہذا لوگوں کو چاہیے کہ وہ حکومت کی مفت ویکسی نیشن سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ اُن کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں