اشرف بھٹی

ہیجان کی کیفیت سے کاروبار اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں’ اشرف بھٹی

لاہور(گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک میں ہیجان کی کیفیت سے کاروبار اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ،سیاسی عدم استحکام کے بعد بد امنی کی صورتحال جلتی پر تیل کا کام کر رہی ہے ،اگر حالات میں سدھار نہ آیا تو رہی سہی کسر بھی پوری ہو جائے گی ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے کہ سیاسی جماعتیں کشیدگی میں کمی کے لئے سیز فائر کریں لیکن سیاست کو بند گلی میں دھکیلا جارہا ہے جس کے انتہائی منفی اثرات برآمد ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ملکی ترقی کی ضامن پالیسیوںاور منصوبوں پر متفقہ لائحہ عمل کیلئے سیاستدانوں اورتمام اداروں کو مل بیٹھنا چاہیے ،مضبوط معیشت کسی بھی ملک کی بقاء کی ضامن ہوتی ہے اس لئے ہمیں اس طرف بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

کشکول توڑنے کیلئے اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہوگا اوراس کے لئے قومی آمدن میں اضافے کے لئے روایتی شعبوں کی بجائے نئے راستے تلاش کئے جائیں ۔ ٹیکس اکٹھا کرنے والے ادارے پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے نظام میں اصلاحات لا ئیں اور نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں