موغادیشو(گلف آن لائن)صومالیہ میں طویل عرصے سے جاری خشک سالی کے نتیجے میں گزشتہ سال 43 ہزار افراد موت کی نیند سو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی اور صومالی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں کہاگیاکہ صومالیہ میں گزشتہ 5 سالوں سے بادل نہیں برسے جس کے نتیجے میں ہونے والی خشک سالی کے باعث 43 ہزار افراد ہلاک ہوگئے ۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ خشک سالی کی وجہ سے رواں سال کے ششماہی میں اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس دوران اموات کی تعداد 18 ہزار سے 34 ہزار 200 تک پہنچ سکتی ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے 50 لاکھ لوگ خوراک کی شدید قلت اور تقریبا 20 لاکھ بچے غذائی قلت کے خطرے سے دوچار ہیں۔