صدرمملکت

صدر مملکت کی ڈنمارک اور نیدرلینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد (گلف آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈنمارک اور نیدرلینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل دْنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی سطح کو ظاہر کرتا ہے، عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدامات کرے، انہوں نے رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینے کیلئے عملی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ آزادی اظہار رائے نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا نام نہیں،

اس قبیح عمل سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایسے واقعات اشتعال انگیز اور اسلامو فوبیا پر مبنی ہے، توہین کا عمل بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں اور آزادی اظہار رائے کے جائز اظہار کے اصولوں کے منافی ہے۔ صدر نے کہا کہ اسلام انسانیت کو امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا یہ عمل دْنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی سطح کو ظاہر کرتا ہے، عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے اور شدت پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں