جاوید قصوری

آئین شکنی کرنے کی بجائے انتخابات کا انعقاد کیا جائے’جاوید قصوری

لاہور ( گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمدجاوید قصوری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنا قابل مذمت ہے ،اس فیصلے سے ملک کے اندر انارکی پھیلے گی اور حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن انتخابات کروانے سے راہ فرار اختیار کر کے کھلی آئین شکنی کر رہا ہے ،سیاسی جماعتوں کی تقسیم سے حالات دن بدن سنگین ہوتے جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار مقررنین نے گزشتہ روز جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام الیکشن کمیشن کی طرف سے 30اپریل کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کے غیر آئینی فیصلے کے خلاف پنجاب کے ڈویژنل ہیڈکوارٹر ز پر احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں تقسیم لمحہ فکریہ ،کسی بھی ملک کے قومی ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہوتے ہیں ۔سب کوملک میں انتشار کی فضا کے خاتمے کے لئے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ مضبوط عدلیہ ہی ملک کے اندر انصاف کے نظام قائم کرتی ہے ۔موجودہ حکمران اپنے سیاسی مقاصد کے لئے اداروں کو متنازعہ بنانا چاہتے ہیں۔

یہ ہمارا المیہ ہے کہ جتنے بھی بڑے چور، لٹیرے اور ڈاکو ہیں و ہ قانون سے بالاتر ہیں اور اسمبلیوں میں بیٹھے ہیں ، اہم عہدوں پر فائز ہیں، اور جتنے چھوٹے اور غریب افراد ہیں ان کے لیے ایک الگ قانون ہے۔ جماعت اسلامی بر سر اقتدار آکر فرسودہ نظام کو ختم اور اشرافیہ کو قانون کی پابند بنائے گی۔معاشرتی تفریق کو ختم کرنا ہوگا ۔ ہم سمجھتے ہیں کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک عوام کو سستااور فوری انصاف میسر نہیں آجاتا۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ ن اورپیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف کی تبدیلی کو بھی دیکھ لیا ہے۔ تینوں پارٹیاں اپنے اپنے مفادات پر کام کررہی ہیں۔

جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس عوام کو دینے کے لیے جھوٹے وعدوں اور نعروں کے سوا کچھ نہیں۔ دنیا میں تمام ترقی یافتہ ممالک کے اندر قانون کی حکمرانی ہے اور جہاں قانون کمزور پڑ جاتا ہے وہ معاشرہ ہر لحاظ سے برباد ہوجاتا ہے۔ کرپشن میں اضافہ ہو جاتا ہے اور تاریخ کا حصہ بن کر رہ جاتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ آئین شکنی اور انتخابات کو ملتوی کرنے کی بجائے انتخابات کا انعقاد کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں