مریم اورنگزیب

9ججز سے شروع ہونیوالا معاملہ 3ججز پر پہنچ چکا ہے،جسٹس اعجاز الاحسن عملدرآمد کے فیصلے کا حصہ نہیں ہو سکتے، مریم اور نگزیب

اسلام آباد (گلف آن لائن) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9ججز سے شروع ہونیوالا معاملہ 3ججز پر پہنچ چکا ہے،جسٹس اعجاز الاحسن عملدرآمد کے فیصلے کا حصہ نہیں ہو سکتے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ 9ججز سے شروع ہونیوالا معاملہ 3ججز پر پہنچ چکا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن اس کیس کی سماعت کا حصہ نہیں تھے، جسٹس اعجاز الاحسن عملدرآمد کے فیصلے کا حصہ نہیں ہو سکتے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ سپریم کورٹ کا رجسٹرار کا سرکلر عدالت عظمیٰ کے ایک فرد کا فیصلہ ہے، ایک ذہنی مریض شخص پورے ملک کو آگ لگانا چاہتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پہلے کاغذ لہرا کر سائفر کی کہانی گھڑی اور پھر اسمبلیاں توڑ دیں، ذہنی مریض شخص نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر سے غیر آئینی اقدامات کرائے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان عالمی سازش کے جھوٹ میں پکڑا گیا، زمان پارک میں دہشتگرد پال کر پولیس اہلکاروں کے سر پھوڑے گئے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان ملک میں لاشیں اور فساد چاہتا ہے، عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری پیدا کرنا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران خان نے زکوٰة کے پیسے ہاؤسنگ سکیموں اور سیاست میں استعمال کیا، عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کیں۔

مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان کے عوام دیکھ رہے ہیں جوہو رہا ہے،عمران خان نے ججز کو دھمکیاں دیں اور عدالتوں پر حملہ آور ہوا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ترازو کے پلڑے برابر نظر آنے چاہئیں، فل کورٹ بنچ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان الیکشن سے بھاگ رہا ہے، جمہوری جماعتیں آئینی مدت مکمل ہونے پر الیکشن کے میدان میں نظر آئیں گی۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کے عوام ووٹ سے ذہنی مریض عمران خان کو سیاست سے باہر کر دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں